لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کے حصول کے لیے درخواستوں کی تعداد 15 لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ اب تک 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 284 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی جا چکی ہے۔ پنجاب میں اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 239 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 57 ہزار 910 گھروں کی تعمیر تکمیل کے قریب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے حکام نے پروگرام پر عمل درآمد، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔