پشاور (نیوزرپورٹر) انصاف لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علی زمان خان ایڈووکیٹ نے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، منتخب حکومت کے خاتمے، سیاسی رہنماؤں کی مبینہ جبری گمشدگیوں اور صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم خان کی رہائش گاہ پر پولیس اور مسلح افراد کے مبینہ دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چھاپے کی پشاور ہائیکورٹ کے ذریعے جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایمرجنسی اور گورنر راج کے ذریعے منتخب حکومت کا خاتمہ اور سیاسی رہنماؤں کو مبینہ طور پر لاپتہ کرنا آئینی و جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ علی زمان خان نے مطالبہ کیا کہ وزیر قانون کی رہائش گاہ پر مبینہ چھاپے میں ملوث اہلکاروں اور مسلح افراد رکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، آفتاب عالم خان اور ان کے اہل خانہ سمیت سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور گھروں پر غیر قانونی چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔