پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے سے متعلق گورنر ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں مشیرِ تعلیم عامر عبداللہ، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی. کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو واقعے اور اس سے متعلق انتظامی امور پر بریفنگ دی. بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکول مالک نے 16 مرلے اراضی دس سال کے لئے لیز پر حاصل کی تھی جس پر سکول مالک نے عمارت تعمیر کی، متعلقہ سکول سال 2026 میں رجسٹرڈ ہوا، تاہم اسکول انتظامیہ نے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا.اس موقع پر گورنر نے کہا کہ دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، بغیر منظور شدہ نقشوں کے تعمیر ہونے والی عمارتوں کی نشاندہی اور ان کی جانچ پڑتال ضروری ہے، ٹی ایم ایز شہر میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کے لیے مؤثر اقدامات کر سکتی ہیں، نجی اسکولوں کے قیام اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔