• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ای ایف کا پشاور میں سکول چھت گرنے کے المناک واقعے پر اظہارِ افسوس

پشاور(جنگ نیوز)پاکستان انجینئرز فورم (PEF) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر محمد نعیم نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے حکومت، متعلقہ اداروں اور فلاحی تنظیموں پر زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طبی امداد، مالی معاونت اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔انجینئر محمد نعیم نے واقعے کی شفاف اور جامع تکنیکی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے جامع ساختی حفاظتی معائنے (Structural Safety Audits) کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ محکموں اور مقامی حکومتوں کے دائرۂ اختیار میں آنے والی عمارتوں، بشمول تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (TMAs)، کی تکنیکی تحقیقات، ساختی جانچ اور حفاظتی معائنے مستند اور اہل انجینئرز کی نگرانی میں، مروجہ بلڈنگ کوڈز اور حفاظتی معیارات کے مطابق کرائے جائیں۔
پشاور سے مزید