لاہور( جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم ترین عبادت اور صدقہ جاریہ ہے مریضوں کے علاج معالجے کے لیے مالی معاونت اور طبی آلات عطیہ کرنے والی مخیر شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹائرڈ پروفیسر آف ریڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر سائرہ بلال کی جانب سے لاہور جنرل ہسپتال کو 18 لاکھ روپے مالیت کی جدید ڈائلیسز مشین عطیہ کرنے کے موقع پر کیا۔ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر سائرہ بلال، پروفیسر نگہت ہارون، پروفیسر عباد الرحمان،پروفیسر میاں محمد حنیف اورانتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے مخیر شخصیت کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال میں جدید طبی مشینری کی فراہمی سے علاج معالجے کی استعداد میں اضافہ ہوگا اور گردوں کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنے میں مزید مدد ملے گی۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پروفیسر ڈاکٹر سائرہ بلال کے جذبہ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا