لاہور (نیوز رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ڈی جی سید علی ناصر رضوی کے چارج سنبھالنے کے بعد ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ ترجمان کے مطابق ایک ماہ کے دوران سائبر جرائم سے متعلق 5176 شکایات موصول ہوئیں اور 4491 انکوائریاں رجسٹر کی گئیں۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق انکوائریوں کی تکمیل کے بعد سائبر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف 272 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 1129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران متاثرین کو 10 کروڑ 53 لاکھ روپے واپس دلوائے گئے۔ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کے ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔