لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایات پر سی ایم پنجاب یوتھ گیمز میں نوجوانوں کی رجسٹریشن بڑھانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ اسپورٹس کوآرڈینیٹر ملک انوش کھوکھر نے کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ندیم نعیم اور مختلف اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں اور اسپورٹس کلبوں میں رجسٹریشن مہم تیز کرنے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو یوتھ گیمز میں شرکت کے لیے متحرک کرنے پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔