کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس این 50 سیکٹر ون کے سیکٹر کمانڈر وقار احمد نے کہا ہے کہ ہائی ویز پر حادثات کی وجہ صرف ڈرائیوروں کی غلطی نہیں بلکہ سڑکوں کی خراب حالت بھی ہے۔ڈرائیوروں اور موٹروے پولیس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنگ سڑکیں، گڑھے، خطرناک موڑ، روڈ مارکنگ اور کیٹ آئیز کی عدم موجودگی اور وارننگ سائن بورڈز نہ ہونے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ دوطرفہ ٹریفک والی سڑکوں پر مناسب چوڑائی، واضح نشانات اور محفوظ اوورٹیکنگ کیلئے جگہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے صرف ڈرائیوروں کو ذمہ دار ٹھہرانا کافی نہیں، متعلقہ اداروں کو بھی سڑکوں کی مرمت اور حفاظتی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔ ڈرائیور رفتار کی پابندی، صبر اور محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنائیں۔