کراچی( ثاقب صغیر )کراچی پریس کلب کے راستوں کی بندش، آزادی اظہار اور شہریوں کے احتجاج کے حق پر سوالات اٹھنے لگے، صحافتی تنظیموں کی مذمت۔تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب جو کئی دہائیوں سے آزادی اظہار رائے، جمہوری جدوجہد، صحافتی آزادی اور عوامی حقوق کی آواز بلند کرنے کا ایک تاریخی مرکز رہا ہے گزشتہ کچھ عرصے سے پولیس کی جانب سے مختلف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے مسلسل بندشوں کا سامنا کر رہا ہے۔پولیس کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کے نام پر پریس کلب جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر انھیں بند کر دیا جاتا ہے۔مختلف سرکاری و عوامی مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے شہریوں، ملازمین، اساتذہ اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں کو پریس کلب تک پہنچنے سے روکنے کے لیے اطراف کی سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے جاتے ہیں جبکہ بعض اوقات پورے علاقے کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کردیا جاتا ہے۔