میزبان: محمد اکرم خان ایڈیٹر، جنگ فورم
رپورٹ : سلیم اللہ صدیقی
تصاویر : جنید احمد
جاوید بلوانی
چیئرمین پاکستان ایپرل فورم/وائس چیئرمین، بزنس مین گروپ
طلعت محمود
صدر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
ہمارے چار پڑوسی ہیں جس میں تین سے ہمارا کوئی کاروباری تعلق نہیں ایک سے صرف امپورٹ ہے ، نئی سرمایہ کاری ہے نہ انڈسٹری لگ رہی بلکہ چلتی بند ہورہی ہیں، خرابی کی بنیادی وجہ کاروباری لاگت میں بےتحاشا اضافہ ہے۔کوئی چینی ٹیکنیشن میری فیکٹری میں آتا ہے تو میرا اس پر یومیہ خرچ لاکھ روپے ہے اس کے باوجود وہ چینی دوبارہ نہیں آتا ایسے حالات میں سرمایہ کاری کیسے ہوگی ,2021 سے آج کے یوٹیلٹی ریٹ میں سے گیس اور بجلی 112 فیصد مہنگی ہوگئی ہے کم از کم مزدوری میں بھی اضافہ ہوا ہے ہماری لیبر کسی زمانے میں اس ریجن کی سب سے قابل لیبر تھی، آج ایسا نہیں ہے روپے کی قدر گری ہوئی ہے ٹیکس بہت زیادہ ہیں۔
آج پاکستان کرنسی ٹشو پیپر ہوگئی ہے اور یہ سب کچھ ہماری غلط پالیسی کا نتیجہ ہے ،پاکستان واحد ملک ہے جہاں نئے سرمایہ دار کےلیے بہت زیادہ ٹیکس ہیں ِ ،اس ملک میں اس طرح کے عجیب عجیب قانون نافذ ہیں ،یہ پیسے ایکسپورٹرز کے اکاوئنٹس سے نکالے گئے ہیں ادارے کام نہیں کرنے دے رہے تو ایکسپورٹس کیسے بڑھے گی۔
ہمارا سب سے بڑا ایکسپورٹ سیکٹر ٹیکسٹائل کا ہے اس میں 35 سے 60 فیصد یارن استعمال ہوتا ہے اس کی سب سے بڑی قیمت بجلی ہے جومہنگی ہونے کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے وجہ سے پوری ملتی بھی نہیں ہےجب کہ ہم بل میں کیپسٹی اور سود کے پیسے دے رہے ہیں ان کی غلط پالیسیوں کے اخراجات ہم ادا کررہے ہیں جنہوں نے غلط پالیسی بنائی اس پر عمل درآمد کرایا ان میں سے کسی کو سزا نہیں ملی اس کی سزا پاکستان کی غریب عوام کاروباری برادری اور صنعت کاروں کودی جارہی ہے، کئی یورپی ممالک لوگوں کو نکال رہے ہیں، مڈل ایسٹ سے لوگ واپس آرہے ہیں، ہوم ریمی ٹینسس پر انحصارکرنا زیادہ دیر تک مشکل ہے۔
جاوید بلوانی
پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی ایکسپورٹ سے زیادہ فارن ریمی ٹینس ہے اگر یہ ذریعہ آمدنی متاثر ہوا تو معیشت کو بیٹھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا، غیرملکی سرمایہ کاری کیا ہماری مقامی سرمایہ کاری بھی محفوظ نہیں ،نئی سرمایہ کاری کے لیے مقامی سرمایہ کار بات سمجھنے کو تیار نہیں حالات میں بہتری کے لیے حکومت جارحانہ حکمت عملی اختیار کرے، نہ سبسڈی نہ کوئی اور سہولت مانگ رہے ہیں ہم صرف دنیا سے مقابلہ کرنے کے لیے مسابقت مانگ رہے ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے یہاں سے ملکی تجارت کا54 فیصد ایکسپورٹ ہوتا ہے، اس شہر ناتواں کو وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل بنیادی سہولیات اور بہترلا اینڈ آرڈر کی ضرورت ہے، شہر کا بے ہنگم ٹریفک کنٹرول ہونا چاہیے، حکومت کاروباری سہولت فراہم کرے کاروباری برادری ہی معاشی مسائل کا حل ہیں، پیٹرول کی بدلنے والی یومیہ قیمتیں ہماری مال کی لاگت کو مہنگا کررہی ہیں، تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں بڑھی ہیں لیکن ہم پر بوجھ لیویز کی وجہ سے بہت زیادہ ہے ،شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں آنا چاہیے جوبڑھ رہا ہے۔
طلعت محمود
پاکستان کی معاشی صورت حال تسلی بخش نہیں ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ٹیکسٹائل حب فیصل آباد میں چالیس فیصد پاور لومز بند ہونے سے ایک لاکھ افراد سے زائد بے روزگار ہوگئے ہیں ۔اس سال بھی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا،30 بلین ڈالر سے زائد کی ایکسپورٹ نہیں ہوپاریں، ہمارا انحصار ریمی ٹینس پر ہے ڈالر کی کمی سے پاکستان پر قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے عالمی حالات کو مدنظر رکھیں تو آمدنی بڑھانے کا واحد ذریعہ تجارت ہے۔
ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا تو معیشت میں بہتری آئے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے گروتھ بڑھانے کے لیے ڈالر کی بڑی ضرورت ہے۔ انڈسٹری کے کیا حالات ہیں ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ کیسے ہو یہ جاننے کے لیے برآمدات کیسے بڑھائیں؟ کے موضوع پرجنگ فورم کا انعقاد کیا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کانفرنس روم میں ہونے والے اس فورم میں جاوید بلوانی (چیئرمین پاکستان ایپرل فورم، وائس چیئرمین، بزنس مین گروپ) اور طلعت محمود (صدر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر اسلم پاکھالی، نائب صدر عاطف جمیل الرحمن اور عامر حسن بھی موجود ہیں، جنگ فورم کی رپورٹ حاضر خدمت ہے۔
جنگ : اس وقت ایکسپورٹ کی صورت حال کیسی ہے ؟
طلعت محمود : رواں سال31 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی ایکسپورٹ سے زیادہ فارن ریمی ٹینس ہے خدانخواستہ اگر یہ ذریعہ آمدنی بھی کسی وجہ سے متاثر ہوا تو معیشت کو بیٹھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا اسی وجہ سے ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانے کی شدید ضرورت ہے جس کے لیے ہمارے مال کی لاگت میں کمی ہونا ضروری ہے، آج یہ حالت ہے ہم اپنے ریجن میں بھی مقابلہ نہیں کرسکتے جس کےلیے ہم مسلسل شور مچارہے ہیں۔
انڈیا بنگلہ دیش اور سری لنکا ان کے ریٹ دیکھیں اور خود فیصلہ کریں ۔وہ اپنی چیزاگرایک ڈالر میں بیچتے ہیں توانہیں اس میں بھی نفع مل رہا ہے ،یہاں تونفع دور کی بات اس قیمت میں مال کے اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے ۔اس کے اثرات اب روزگار پر پڑیں گے جس کے ساتھ منسلک دیگرمعاملات بھی خراب ہونے لگیں گے ۔کراچی کا انفرااسٹرکچربہت خراب ہے ہمیں کراچی کی کاروباری افراد کا مکمل اعتماد اورحمائیت حاصل ہے۔
اس مرتبہ ہماری کراچی قیادت کا فیصلہ ہے کہ پہلے چھ مہینے محتاط انداز میں اور اگلے چھ ماہ پوری طاقت کے ساتھ کراچی کے لیے آواز بلند کرنی ہے ۔اس کا مطلب یہ نہیں ہم دیگر معاملات کو نظرانداز کررہے ہیں ہماری لیڈرشپ کا اولین مقصد کراچی کے مسائل حل کروانا ہے۔
ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے تمام خراب چیزیں ٹھیک کرنی پڑیں گے، حکومت سمیت سب اپنا کردار ذمہ داریاں پوری کریں ۔کراچی چیمبر کا ایجنڈا کسی بھی ناانصافی پر بھرپور آواز بلند کرنا اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔
آج تو یہ حالات ہیں میں غیرملکی سرمایہ کاری کی کیا بات کروں ہماری مقامی سرمایہ کاری بھی محفوظ نہیں ہے۔ نئی انڈسٹر ی کے لیے مقامی سرمایہ کار کوئی بات سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔ حالات میں بہتری کےلیے حکومت جارحانہ حکمت عملی اختیار کرے ،نہ سبسڈی نہ کوئی اور سہولت مانگ رہے ہیں ہم صرف دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے مسابقت مانگ رہے ہیں۔
جنگ : وزیراعظم نے ایکسپورٹ کے متعلق جس پالیسی کا اعلان کیا ہے تو وہ کیا ہے ؟
طلعت محمود: ہمیں کچھ سمجھ میں نہیں آیا کیوں کہ زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔ ہماری بزنس برادری جاوید بلوانی اور موتی والا صاحب ملاقات کے لیے اسلام آباد جاکر ہرمعاملے پر آواز اٹھاتے ہیں لیکن کسی تجویز پر عمل نہیں ہوگا تو ترقی ناممکن ہے ،کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے یہاں سے ملکی تجارت کا54 فیصد ایکسپورٹ ہوتا ہے، اس شہر ناتواں کو وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل بنیادی سہولیات اور بہترلا اینڈ آرڈر کی ضرورت ہے، شہر کا بے ہنگم ٹریفک کنٹرول ہونا چاہیے جب شہر کے مسائل حل ہوں گے تو یہ توانا ہوگا اور پھر سوچیں یہ کتنی تیزی سے آگے بڑھے گا۔
تاجر برادری نے ملک میں ہی کام کرنا ہے وہ کہیں نہیں جائے گی لیکن حکومت بھی اپنی ذمہ داری مکمل ادا کرے ۔میرا دوسراویژن نئی نسل ہے ہمارے وہ نوجوان جو تعلیم سے فارغ ہوکرعملی زندگی میں آرہے ہیں اگرانڈسٹری نہیں ہوگی تو وہ روزگار کے لیے کہاں جائیں گے۔
حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرے کاروباری برادری ہی معاشی مسائل کا حل ہیں ،ہم ان کی ذمہ داریاں یاد دلانے کے لیے ایسے ملاقات کرتے ہیں جیسے کوئی بھیک مانگ رہا ہو ۔سرکاری سطح پرمعاملات پرسنجیدگی کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری حالات کار بہتر ہوں۔
جنگ : کاروباری برادری پاکستان کے معاشی حب کراچی کے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں ان کی مشاورت کے بغیر کوئی پالیسی نہیں بننا چاہیے ،فیصلہ سازوں کو یہ بات سمجھانے میں اب تک ناکام کیوں ہیں ۔
طلعت محمود : ہم اپنے حصے کا کام پوری ایمان داری سے کرتے ہیں، ہمارا کام مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا ہے ہم صرف بتا سکتے ہیں ہماری لیڈر شپ کہیں بھی کوئی بھی بات کرنے سے نہیں گھبراتی ہم برملا اپنا موقف دیتے ہیں اور مقصد ذاتی نہیں ہوتا ہماری خواہش ہے ملک اور شہر کی انڈسٹری چلے۔
کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ ہوگئی ہے یہ پاکستان کا واحد شہر ہے جہاں تمام صوبوں کے چھوٹے بڑے شہر اور گائوں کے لوگ یہاں مستقل آباد ہورہے ہیں ۔ایسے میں اگر یہی حالات رہے تو کام مزید خراب ہوگا۔
جنگ :ایک رائے ہے کئی چیلنجز کے ساتھ ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ نہ ہونے کی وجوہات میں نئی مارکیٹ اور نئی اشیا ویلیوایڈڈ کی طرف نہ جانا اور صرف روائتی ایکسپورٹ پر فوکس ہے ؟
طلعت محمود : نئی مارکیٹ کی بات کا مقصد نیا سرمایہ کارچاہیے جب کہ حقائق یہ ہیں آج کوئی بھی مقامی اور بیرونی سرمایہ کار کوئی تیار نہیں ہے ۔ہمیں امید تھی جس طرح اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی حکومت مل کر کام کررہے ہیں اس کے بہترنتائج آئیں گے لیکن افسوس کراچی میں توہمیں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔
ہم پاکستان کے حالات بہتر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، اسی لیے جب ہم کراچی کا ذکر کرتے ہیں تو اس کی وجہ یہ شہر حب ہے یہاں سے ہر شے کا گزر ہے وہ یہاں سے آئے گی اور جائے گی اس لیے یہاں سب سے پہلے حالات ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
چھوٹے چھوٹے شہروں میں بائی پاس بن گئے لیکن کراچی میں کوئی بائی پاس نہیں ہے ،یہاں غیرملکی امداد آتی ہے پراجیکٹ دیتے ہیں پھر وہ لپیٹ کر واپس چلے گئے۔ لیاری کے راستے ایک پراجیکٹ بننا تھا کوئی بھی ٹرک براہ راست پورٹ پہنچ جائیں لیکن کیوں نہیں بنا اس کا جواب حکومت دے ۔اس طرح کے پراجیکٹ ملک کے ہر شہرکی ضرورت ہے۔
ہر بزنس مین اپنے لیے بہتر مواقع کی تلاش میں رہتا ہے۔ یہاں آج بھی پہلے سے سرمایہ کاری کرنے والے لوگ کام کررہے ہیں جو ان کی مجبوری ہے، لیکن اگر ان سے نئی انڈسٹری لگانے کا کہیں گے تو وہ کبھی نہیں لگائے گا۔
جنگ :ایران جنگ کے اثرات کا ہم پر کتنا اثر پڑا ہے ؟
طلعت محمود : وار زون سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان بھی شامل ہے لیکن جنگ یا کسی دوسری ناگہانی آفت کی وجہ سے ہم دیگر چیزوں کو نظرانداز نہیں کرسکتے، پیٹرول کی بدلنے والی یومیہ قیمتیں بھی ہماری مال کی لاگت کو مہنگا کررہی ہیں، تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں بڑھی ہیں لیکن ہم پر بوجھ لیویز کی وجہ سے بہت زیادہ ہے، حکومت کا کام انڈسٹری چلانے کے لیےسہولت فراہم کرنا ہے اگر انڈسٹری چلے گی تو تو ٹریڈرز کام کریں گے۔
روزگار کے واقع پیدا ہوں گے کاروباری پہیہ چلے گا تو حکومتی آمدنی میں خود بہ خود اضافہ ہوگا ۔اس حکمت عملی میں کسی کو کوئی نقصان نہیں حکومت سمیت سب کو فائدہ ہے۔
جنگ : حکومت سے ایکسپورٹ انڈسٹریز کو ریلیف دینے پر آپ لوگ بات چیت کریں؟ َ
طلعت محمود : پچھلی حکومت میں جو ٹیکس ایک فیصد تھا ابھی اسے بڑھا کر دو فیصد کردیا گیا ہے ۔28 ایجنسیاں جب ایک چلتی انڈسٹری پر جاکردھاوا بولیں گی تو کیا ہوگا ۔انڈسٹری چلانے کے لیے ایسے اقدامات کی ضرورت نہیں ہے ۔
جنگ : کئی مرتبہ ون ونڈو آپریشن اعلان تو کیا گیا ہے ؟
طلعت محمود :جب تک اعلانات اور اقدامات کاغذی کارروائی تک محدود رہیں گے نتیجہ کچھ نہیں ہوگا ترقی کا ہونا نہ ممکن ہے۔
جنگ : ایس آئی ایف سی کے قائم ہونے کے بعد کیا تبدیلیاں آئی ہیں ؟
جاوید بلوانی : اب تک اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ہم سمجھتے ہیں یہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی موجودگی میں ڈپلیکشن آف ورک ہے جب بورڈ آف انویسٹمنٹ کی وزارت ہے اور وہاں پورا اسٹاف موجود ہے اسی طرح کے کام کے لیے نئے ادارے کا قیام سمجھ سے بالاتر ہے۔ جان بچانے کے لیے سردیوں میں سائبیریا کے پرندے ہماری طرف آتے ہیں، سرمایہ بھی اسی طرح آتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کیوں آئے گا پاکستان سے پاکستانی بھاگ رہے ہیں تو باہر والا کیا کرنے آئے گا۔
دبئی کے حالات بگڑنے سے کچھ سلسلہ رکا ہے ورنہ روزانہ بہت لوگ دبئی جارہے تھے ،دبئ کے قونصل جنرل ہمیں روزانہ بتاتے تھے ہم یہ انڈسٹری زون بنارہے ہیں آپ کو وہاں یہ سہولیات ملیں گی آپ لوگ اسے بک کریں۔ چالیس سے زائد عرصہ ہوگیا ایران پر پابندیاں ہیں، اس کے چھ پڑوسی ہیں جس میں سے پانچ کے ساتھ اس کے کاروباری تعلقات ہیں ،ہمارے چار پڑوسی ہیں جس میں تین سے ہمارا کوئی کاروباری تعلق نہیں ہے جس ایک سے ہے وہاں سے صرف امپورٹ ہے۔
دنیا دیکھتی ہے ان کے پڑوسی ان سے مطمئین نہیں ہیں ۔ایسے ماحول میں ترقی نہیں ہوسکتی ۔کسی بھی ملک کی وجہ شہرت سمجھنے کےلیے یہ چیک کریں اس کے پاسپورٹ پر کتنے ملک آرائیول پر آسانی سے انٹری دیتے ہیں ،جس کو زیادہ ملے گی وہ ملک عزت دار ہے۔ ایتھوپیا، سری لنکا یہاں بھی مشکل سے ویزا ملتا ہے۔ پاکستان کے حالات کا اندازہ ہوتا ہے، پاکستان کی ایکسپورٹ نہیں بڑھے گی اس کی وجہ میں سے ایک ہمارے پاس 60 سے70 بڑے ایکسپورٹرز کے خطوط آئے ہیں جس میں انہوں نے ڈاون سائزنگ کرنے کی اطلاع دی ہے۔
یہ ایکسپورٹرز وہ ہیں جن کے پاس دس ہزار سے چالیس ہزار تک لوگ کام کرتے ہیں۔ معاشی تنگ دستی کے اس دور میں مزید خوف اور مایوسی نہ پھیلے اس لیے اس کا ذکر میڈیا میں نہیں کیا ۔پاکستان کے صف اول کے پانچ میں سے ایک صنعت کار سے ملاقات ہوئی وہ بھی مایوس تھے نہ کوئی نئی سرمایہ کاری ہے اور نہ کوئی انڈسٹری لگ رہی ،بلکہ چلتی بند ہورہی ہے ،پوری خرابی کی بنیادی وجہ کاروباری لاگت میں بے تحاشا اضافہ ہے۔
کوئی چینی ٹیکنیشن میری فیکٹری میں آتا ہے تومیرا اس پر یومیہ خرچ لاکھ روپے ہے اس کے باوجود وہ چینی دوبارہ نہیں آتا وہ حفاظتی سیکورٹی سے گھبرا کراسے اپنے لیےقید قرار دیتا ہے،اسے سفر کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں درکار ہوتی ہیں جس کا پچاس سے 70 ہزار کرایہ ہے ،ہوٹل میں رہائش ،پھر وہ کہتا ہے کہ میں دوسرے ملک آنے کے بعد آزادی سے باہر ہی نہیں نکل سکتا نہ خرید سکتا ہوں نہ گھوم سکتا ہوں تو ایسے ملک میں جاکر کیا کروں ۔وہ اپنے ملک میں ہی پاکستان آنے سے منع کردیتے ہیں۔
ایسے حالات میں سرمایہ کاری کیسے ہوگی ۔دوہزار 21 اور بائیس میں ہماری ایکسپورٹ 31 بلین تک گئی دوہزار 25 چھبیس میں 30 اعشاریہ ایک تین بلین پر جب کہ دوہزار دس اور گیارہ میں 25 سے27 بلین تک بڑھائی تھی ۔80 برس میں ہم نے صرف دو مرتبہ ایکسپورٹ بڑھائی ہے ۔ہم حکومت سے کہتے ہیں کہ دوہزار دس گیارہ یا دوہزار 21 اور بائیس کی پالیسی پر ہی عمل درآمد کرادیں اسی پالیسی کی نقل کرلیں۔
دوہزار 21 سے آج کے یوٹیلٹی ریٹ میں سے گیس اور بجلی 112 فیصد مہنگی ہوگئی ہے کم از کم مزدوری میں بھی اضافہ ہوا ہے ہماری لیبر کسی زمانے میں اس ریجن کی سب سے قابل لیبر تھی، آج ایسا نہیں ہے روپے کی قدر گری ہوئی ہے ٹیکس بہت زیادہ ہیں۔
آج پاکستان کرنسی ٹشو پیپر ہوگئی ہے اور یہ سب کچھ ہماری غلط پالیسی کا نتیجہ ہے ،پاکستان واحد ملک ہے جہاں نئے سرمایہ دار کےلیے بہت زیادہ ٹیکس ہیں۔ جب سالانہ ٹیکس کا نوٹس آتا ہے تو اس میں تیس دن کا وقت دیا جاتا ہے پھرحکومت اس میں اضافہ بھی کردیتی ہے مگر ایڈوانس ٹیکس میں سات دن کاوقت ہے اگر آپ نے نہیں دیئے تو ایف بی آر بغیر اطلاع دیئے اکاوئنٹ سے پیسے نکال لیتا ہے، میں نے اگر اپنے اکاوئنٹس سے کسی کو چیک دے رکھے ہیں اور اس دوران ایف بی آر نے بغیر اطلاع دیئے پیسے نکال لیئے تو اکاوئنٹس میں پیسے ختم ہوگئے، تو جنہیں میں ایڈوانس چیک دے چکا ہوں ان کے مطلوبہ تاریخ کو چیک باونس ہونے پروہ لوگ تومیرے خلاف ایف آئی آر کٹوائیں گے، لیکن میں ایف بی آر کے خلاف ایف آئی آرنہیں کٹواسکتا۔ اس ملک میں اس طرح کے عجیب عجیب قانون نافذ ہیں، یہ پیسے ایکسپورٹرز کے اکاوئنٹس سے نکالے گئے ہیں ادارے کام نہیں کرنے دے رہے تو ایکسپورٹس کیسے بڑھے گی۔
جنگ : ایسے اختیار پر کاروباری برادری نے کوئی احتجاج کیا آخر کوئی ادارہ کیسے بغیر اطلاع پیسے نکال سکتا ہے ؟
جاوید بلوانی : یہ قانون بنا ہوا ہے اس طرح کے قانون بنانے والوں کی عقل کا اندازہ لگائیں ۔ہماری پالیسیاں ہمیں لے کر ڈوب رہی ہیں۔
جنگ : کیا اس پر فیڈریشنزاور چیمبرز کو بھرپور احتجاج کرنے کی ضرورت نہیں تھی ؟
جاوید بلوانی : کوئی شور نہیں مچا رہا ۔ حکومت نے چار اسکیموں پر مشتمل ایکسپورٹ فیسیلیشن اسکیم کا آغاز کیا جس میں ایکسپورٹ ڈور یونٹس، ایکسپورٹ مینوفیکچرنگ بانڈ،ڈی ٹی آر ای اور سامان منگوانے والی تھی، ہم نے حکومت کا بتایا یہ اسکیم بہت کامیاب جائے گی کیوں کہ آپ کا پوسٹ آف بلنگ بزنس زیادہ ہے ، جو چیز یہاں مہنگی ہو وہ دنیا میں جہاں سستی ملتی ہے وہاں سے منگواوں ویلیوایڈڈ کرو اور ایکسپورٹ کرو،ترقی کرنے والے تمام ملکوں نے ایسا ہی کیا ہے۔
اس اسکیم پر بھی کچھ لوگوں نے بے ایمانی کا الزام لگا کر شورمچادیا اور نئی شق بڑھا دی جس کے بعد تمام ایکسپورٹرز چیخ پڑے اگراس اسکیم کو نہ چھیڑتے تو میں شرطیہ کہتا ہوں ڈاون سائزنگ کرنے والے 60 سے ستر لیٹر کبھی نہیں آتے۔
ہمارا سب سے بڑا ایکسپورٹ سیکٹر ٹیکسٹائل کا ہے اس میں 35 سے 60 فیصد یارن استعمال ہوتا ہے اس کی سب سے بڑی قیمت بجلی ہے جو مہنگی ہونے کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے وجہ سے پوری ملتی بھی نہیں ہےجب کہ ہم بل میں کیپسٹی اور سود کے پیسے دے رہے ہیں ان کی غلط پالیسیوں کے اخراجات ہم ادا کررہے ہیں جنہوں نے غلط پالیسی بنائی اس پر عمل درآمد کرایا ان میں سے کسی کو سزا نہیں ملی اس کی سزا پاکستان کی غریب عوام کاروباری برادری اور صنعت کاروں کودی جارہی ہے۔انہیں پکڑنے سزا دینے کے لیے اتنے ادارے قائم ہیں لیکن ہم نے تو کسی اصل ذمہ دار کو سزا ملتی نہیں دیکھی۔
جنگ: ایسا لگتا ہے کہ یہ بائی ڈیزائین ایکسپورٹ بڑھنے کو روکا جارہا ہے ؟
جاوید بلوانی: مجھے بھی یہ ہی محسوس ہوتا ہے ۔ہماری ایکسپورٹ جب بڑھتی ہے اچانک ایسی پالیسی آتی ہے جس سے وہ دوبارہ گر جاتی ہے۔دوہزار دس میں ہم چینی گندم کپاس اسی سے کمایا تھا آج سب کچھ درآمد ہورہا ہے۔ ہماری کاٹن کی پیداوارچھ اعشاریہ پانچ ملین بیلز ہے اور ضرورت 14اعشاریہ 8 ملین بیلز ہے، اس میں لوکل اور ایکسپورٹ دونوں کپڑے بنیں گے تو پھر ایکسپورٹ کیسے کرو گے ۔کیوں کہ ایکسپورٹ تو سرپلس مال پر ہوتا ہے۔
اب یارن امپورٹ کرنے سے منع کیا جارہا ہے ،ہمیں مجبور کیا جارہا ہے خراب یارن لو مہنگا یارن لولیکن لوکل لو،ہم نے انہیں مشورہ دیا ہے لوکل انڈسٹری چلانے کے لیے لوکل میٹریل سے کام چلائیں اور ایکسپورٹرز کے لیے لوکل پر پہلے زیرو ریٹڈ تھا اسے ختم کردو، جب مال نقد لیا جاتا ہے تو وہ ادھار سے سستا ملتا ہے اور ایڈوانس خریدنے میں مزید سستا ملتا ہے۔
دنیا میں کہیں کے بھی صنعت کاروں نے ونڈ یا سولرسسٹم نہیں لگایا پاکستان میں لگایا گیا ہے ،مالدار پاکستانیوں نے بجلی کٹوا کر سولرپینل لگالیئے ہیں پیڑول گاڑیاں ختم کرکے ای وئیکل شروع کردی ہیں ،مشکل میں تو غریب آگیا ہےجو بلب جلانے پرہزاروں روپے کے بل کے نیچے آگیا ہے۔
جنگ:ایکسپورٹ نہ بڑھنے کے بڑے ایشوز کیا ہیں ؟
جاوید بلوانی : بجلی گیس شرح سود ٹیکس اور کرنسی ڈالر کے ساتھ پالیسی میں تسلسل کا ہونا بھی ایشو ہے۔ مستقبل میں صورت حال مزید خراب ہے ہماری ریمی ٹینس پر بھی برا وقت آسکتا ہے یورپ میں مہنگائی کے خلاف ہنگامے ہورہے ہیں کئی یورپی ممالک لوگوں کو نکال رہے ہیں، مڈل ایسٹ سے لوگ واپس آرہے ہیں، سعودیہ پہلے چار لاکھ لوگ بلاتا تھا اب دو لاکھ لیتا ہے ہر جگہ برا حال ہے جب یہ لوگ فارغ ہوں گے تو ریمی ٹینس پر فرق پڑے گا حالات خراب ہوں گے۔ہوم ریمی ٹینسس پر انحصارکرنا زیادہ دیر تک مشکل ہے۔
جنگ : ملک کو چلانے کے لیے صرف ہوم ریمی ٹینس پر تکیہ کیسے کرسکتے ہیں ؟
جاوید بلوانی : آج پراپرٹی اور پلاٹوں کے ریٹ بڑھنے کی وجہ بے ایمان بیوروکریسی اور دیگر کے پاس رشوت کا پیسہ ہے اور دوسرا بیرون ملک یوکے یورپ وغیرہ یا مڈل ایسٹ میں مقیم جو لوگ خودکو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں وہ پاکستان میں گھر لے رہا ہے ۔وہ نیشلٹی کے باوجود خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ہماری کاٹن،چاول چینی گندم ہرشے کی پیداوار گھٹ گئی ہے۔
جنگ: ہمارے ٹریڈ ایگریمنٹ ہیں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کئی معاون ادارے ہیں جو بین الاقوامی نمائش کرتے ہیں کیا یہ وقت اورپیسوں کا ضیاع اور بے کار کوششیں ہیں۔
طلعت محمود : اگر کوئی پالیسی بنتی ہے تو اس کا نتیجہ نظر بھی آنا چاہیے، پالیسی میں اسٹیک ہولڈرز کی ڈیمانڈز کے مطابق ہونی چاہیے ہماری انڈسٹری میں کوئی بھی اپنی ذات کے لیے کچھ نہیں مانگتا، اگر وہ بجلی کی قیمت اور لیویز کم کرنے کی بات کرتا ہے تو یہ انڈسٹری کو فیسلی ٹیٹ کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
لیویزسمیت کسی بھی مہنگی چیز کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ گردشی قرضوں کابوجھ ڈالا ہوا ہے، جب تک حکومت سنجیدہ ہوکر زمینی حقائق کے مطابق کام نہیں کرے گی ہم غیرملکی سرمایہ کاری نہیں لا سکتے۔شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں آنا چاہیے جوبڑھ رہا ہے ۔
جنگ : شرح سود بڑھنے کی وجہ کیا ہے ِ؟
طلعت محمود: لوگوں کے پاس پیسے ہیں لیکن وہ اسے کاروبار میں انویسٹ نہیں کررہے ،پیسوں کو بینک میں رکھ کر جو سود مل رہا ہے اس پر گزارا کررہے ہیں۔ حکومت حالات کار بہترکرے ایکسپورٹ بڑھ جائے گی۔
معیشت حکومت نہیں پرائیوٹ سیکٹر چلاتا ہے لیکن جب حکومت سہولت فراہم نہ کرے تو پرائیوٹ سیکٹر کیسے چلائے ،کوئی کب تک دھکے کھائے گا کاروباری برادری کے لیڈرز بھی کب تک لڑتے رہیں گے۔ایک دن مایوس ہوکر سب تھک جائیں گے۔
جنگ : ایکسپورٹ کے لیے دی گئی زیرو ریٹڈ پالیسی کے متعلق کیا رائے ہے ؟
جاوید بلوانی : زیروریٹڈ کا اعلان کردیتے ہیں لیکن کبھی ریفنڈ میں کبھی ٹیکس اور کبھی ریبیٹ میں پیسے پھنسا دیں گے ،یہ فائنل ٹیکس لینے کے بعد ایڈوانس ٹیکس مانگتے ہیں تو کبھی سپر ٹیکس بھی مانگا ہے، دنیا میں ایکسپورٹر ٹیکس نہیں دیتا ہم تو فارن ایکسچینج کما کر ملک کو دے رہے ہیں، ترغیبات دینے کے بجائے یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔
جنگ: ایکسپورٹ بڑھانے کےلیے کیا تجاویز ہیں ؟
طلعت محمود: ایکسپورٹ بڑھانے کےلیے مال کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے حکومت کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا،حکومت انڈسٹری کا پہیہ چلانے میں مدد کرے گی تووہاں سے روزگار پیدا ہوں گے لہذا حکومت کاروباری حالات کار کی بہتری کے لیے اس پر سے اخراجات اور ٹیکس کا بوجھ کم کریں کاروبار دوست ماحول پیدا کریں تاکہ انویسٹر پاکستان میں رہ کر کام کرنا پسند کرے اور بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے ادارے لوگ ہم وطن اوورسیز پاکستان کی طرف راغب ہوں اس وقت زیادہ ترلوگ محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہوئے پیسے بینکوں میں جمع کررکھے ہیں پیسوں کو وہاں سے نکلنا ہوگا اگر شرح سود بڑھائیں گے تو کام مزید خراب ہوگا لوگوں کے پاس پیسے ہیں لیکن وہ سرمایہ کاری سے ڈر رہے ہیں ،میری حکومت سے درخواست ہے کہ وہ اس پر سنجیدگی سے کام کرے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کرپالیسی پربناکر عمل درآمد کرائیں۔
اسلم پاکھالی: ایگریکلچر سیکٹر ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں ،دوہزار 24 اور 25 میں ہمارے آئیٹم کی ایکسپورٹ 730 ملین ڈالر تھی اور 25 سے 26 کے اعداد وشمار کے مطابق اب 430 ملین ڈالر پر آگئے ہیں اس کی وجوہات میں سرکاری ناقص پالیسی اور ایڈوانس ٹیکس شامل ہیں اور ہمارے اکاوئنٹ سے بلااجازت پیسہ نکالنا جو دن دھاڑے ڈاکہ ڈالنے جیسا ہے اس سے اعتماد خراب ہوا۔
ایکسپورٹ سرپلس آئیٹم پر کیا جاتا ہے کبھی ہمارے پاس آلو سرپلس ہوجاتا ہے تو اسے کولڈ اسٹوریج میں رکھتے ہیں لیکن بجلی زیادہ مہنگی ہونے کی وجہ سے اسٹوریج کرنے والے اے سی چار گھنٹے چلاتا ہے اور بیس گھنٹے اسے بند رکھتا ہے اس طرح آلو زیادہ دیر نہیں رہتا جس کے نتیجے میں پھر ہم امپورٹ کرنے پر مجبور ہوئے، ہم نے امپورٹ کیاایک وقت آیا حکومت نے لیویز بھی ختم کردیا، ایکسپورٹ میں ایک سرٹیفیکٹ ہے جو نان ٹیرف بیئریر ہے، ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن جس کا ہیڈآفس کراچی میں ہے اس کا 84فیصد امپورٹ کا کام کراچی سے ہے اس ڈیپارٹمنٹ کا کام کمپلائنس کو دیکھنا ہے، اب ایک نیا ادارہ این اے ایف ایس اے بنایا گیا ہے جس کے لیے نئی زمین لینے کے بعد نئی بلڈنگ بناکر نئے لوگ بھرتی کئے گئے ہیں اس کے ڈی جی کی تنخواہ لاکھوں میں ہے ،ہم نے انہیں تجویز دی ڈیپارٹمنٹ پلانٹ پروٹیکشن کو بائے ویکیڈ کردیں امپورٹ اور ایکسپورٹ جو چاول اور فوڈ اور ویجیٹیبل کو الگ دیکھیں ایک اور چیز پریسٹی ٹائز اسے بھی الگ کریں۔
حالات بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوئے ہیں۔ بدعنوانی ،اس طرح کی پالیسی بنا کر ٹیکس پیئر کے پیسے ضائع کئے جاتے رہیں گے تو بہتری ہونا ناممکن ہے۔ہمارا ایران کے ساتھ بارڈر کھلا ہے اگر اسے بند کرنے سے تین دن پہلے بتادیں تو ہمارا مال ٹھکانے لگ جائے ،ابھی ہمارے پاس کیلا سرپلس ہے ایران کیلا ایکواڈور اور فلپائن سے امپورٹ کررہا ہے ہم برابر میں ہیں ہمارے پاس وہ ورائیٹی نہیں ہے لیکن کیلا تو ہے۔
جنگ : ہم زرعی ملک ہیں ہمیں تو زیادہ تر خوراک ایکسپورٹ کرنی چاہیے تھی ہم خراب کردیتے ہیں ؟
اسلم پاکھالی : ہم پلپ جوسسز میں ویلیوایڈڈ میں یہ کرسکتے ہیں،ہم ٹماٹو پیسٹ میں کرسکتے ہیں لیکن انرجی کی لاگت سے ہماری مال مہنگا ہوگا امپورٹ سستا ہے ،ہمارا مینگو پلپ بنتا ہے لیکن انڈیا سے کمپیٹ نہیں کرپارہے ،انڈیاکے آم کی ایک پراڈکٹ طوطاپری سے بناتا ہے اور ہم سندھڑی چونسے سے بناتے ہیں۔انڈیا ساڑھے چارسو ڈالر فی ٹن دے رہا ہے اور دوسال سے ہمارے کسٹم کے مطابق ویلیوایشن 1000 ڈالر سے کم نہیں ہوگا۔
عاطف جمیل الرحمن: میں تین نکات پر توجہ دلانا چاہتا ہوں ۔جی ایس ٹی پلس کی لسٹ میں ایکسپورٹ کرنے والےکل آئیٹمز کی تعداد پونے تین سو کے قریب ہے لیکن ہم ان میں سے گنتی کے چند اشیا پر کام کرتے ہیں۔
حکومت اس لسٹ کے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کرتی اگر وہ بنائے تو جن آئیٹم میں ہماری مہارت ہے اس پر کام کرنے کے لیے لوگ آگے آئیں گے عوام کی اکثریت کو نہیں معلوم ہم کیا چیزیں ایکسپورٹ کرسکتے ہیں، دوسرا ہماری تربیت یافتہ لیبر تیزی سے بیرون ملک جارہی ہے ان کوالیفائڈ لیبر کی قلت کی وجہ سے ہمیں کوالٹی کی شکائیت کا سامنا ہے۔