کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے چار ماہ 21دن کی تاخیر کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلا ن کردیا ، 2026-27 کے لئےجن کھلاڑیوں کو معاہدوں میں نہیں رکھا گیا، ان میں دو سابق کپتان شان مسعود، محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق،امام الحق،عامر جمال،حسن علی، محمد حارث، محمد نواز، نعمان علی، حسین طلعت، خرم شہزاد، عباس آفریدی اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے کھلاڑیوں میں سے صرف عامر جمال وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں ان معاہدوں میں شامل نہیں کیا گیا۔پی سی بی کے ڈائریکٹر عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ہفتے کے روزپریس کانفرنس میں آٹھ کھلاڑیوں کے اضافےکے ساتھ38 کھلاڑیوں کے لیے معاہدوں کا اعلان کیا، نئی پیش رفت کے طور پر، فارمیٹ کی بنیاد پر معاہدے دیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کو پانچ خصوصی کٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے کھلاڑیوں کے لیے اے اور بی صرف ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے اے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے لئے بی اور سی اور ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کے لئے سی اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ڈی کٹیگری کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئے معاہدے یکم نومبر 2026 سے 30جون 2027تک نافذ رہیں گے۔فہرست کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹگری میں شامل ہیں اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان۔ شاہین آفریدی ۔ حارث رؤف اور فہیم اشرف ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹگری میں شامل کیے گئے ہیں۔حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا۔ صاحبزادہ فرحان۔ شاداب خان ۔ عثمان طارق اور نسیم شاہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیٹگری میں شامل ہیں۔ڈویلپمنٹ کیٹگری میں 19 نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے ۔ان کھلاڑیوں میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا ۔ فرحان یوسف۔ حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری ۔محمد عمران رندھاوا ۔رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس ثاقب خان شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔ ٹیسٹ فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ کسی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے البتہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ون ڈے فارمیٹ والے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ ایک لیگ میں شرکت کرسکتے ہیں جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری والے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ 2 غیرملکی لیگز کھیل سکیں گے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کوپی ایس ایل کے علاوہ 3 غیرملکی لیگز میں شرکت کی اجازت ہے، ڈیولپمنٹ کیٹیگری والے کھلاڑیوں کی لیگز میں شرکت ان کے ڈیولپمنٹ سے مشروط ہوگی۔