کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وہ ہفتے کو یہاں کورنگی میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے عمر بن خطاب روڈ تک سڑک کے تعمیری منصوبے کا جائزہ لے رہے تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ضلع کورنگی میں 145 ملین روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر کا کام 3ماہ میں مکمل کیا جائے گا، ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے عمر بن خطاب روڈ تک 4,450 فٹ طویل دو رویہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے، منصوبے کے تحت سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی بہتر بنایا جائے گا، منصوبے میں 18 اور 24 انچ قطر کی مجموعی طور پر 6,500 فٹ سیوریج لائن بچھائی جائے گی، 24 انچ کی 3,500 فٹ سیوریج لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، اس منصوبے میں 40 مین ہولز کی تعمیر بھی مکمل کرلی گئی ہے، جب کہ مزید 82 مین ہولز تعمیر کیے جائیں گے، پہلے ٹریک پر ایک لاکھ 41 ہزار 740 مربع فٹ پیور کا کام کیا جائے گا اور دوسرے ٹریک پر ایک لاکھ 41 ہزار 740 مربع فٹ اسفالٹ بائنڈر کا کام کیا جائے گا، نیز کراچی کے مختلف اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔