پشاور(جنگ نیوز)پشاور ماڈل سکول صفیہ ہومز برانچ ورسک روڈ پشاور کے لبنیٰ عامر آڈیٹوریم میں روبوٹکس کے ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور ماڈل سکولز صفیہ ہو مزبرانچ ورسک روڈ کے جماعت چہارم سے ساتویں جماعت کے طالب علموں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر پشاور ماڈل سکول کے ڈائریکٹر محمد اسد سیٹھی، پرنسپل تنزیلہ، وائس پرنسپلز زر تاج، سمیع اللہ، مہوش عابد اور روبو ٹکس انچارج ملک شہریار کے علاوہ طلباءکی ایک کثیر تعداد موجود تھی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی پروگرام ڈائریکٹر اینڈ اسٹنٹ پروفسر آئی ایم ساہنسز اور ورچوئل سکول خیبر پختونخواہ کے پرنسپل ڈاکٹر عدنان امین نے جج کے فرائض سر انجام دئیے اس موقع پر طلباء نے اپنی اے آئی کی وساطت سے تیار کردہ ایجادات کے ذریعے مختلف کھیلوں کے روبوٹکس مقابلے میں حصہ لیا۔ جن میں اسکریچ پروگرامنگ میں فٹ بال کا کھیل، فاصلے کی پیمائش کرنے والا آلہ، کار ریسنگ کا کھیل ، جدید خودکار پارکنگ کا نظام، بارش کی صورتحال اور مقدار کی نگرانی کرنے والا نظام، کاہوٹ کوئز یعنی آن لائن تعلیمی سوالات و جوابات کا مقابلہ، ایک خودکار گاڑی جو راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو پہچان کر ان سے بچ سکے اور دیگر ایجادات شامل تھیں۔ بعد ازاں مقابلہ جیتنے والوں کو مہمان خصوصی نے توصیفی اسناد اور ا نعامات دیے گئے۔ پی ایم ایس کا یہ خاصا رہا ہے کہ اس میں زیر تعلیم طلباء کو زیادہ سے زیادہ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اس موقع پر طلباءکی جانب سے تیار کردہ جدید ایجادات کو بے حد سراہا گیا۔