پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور نے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو فوری اور بروقت مختلف آپریشن کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے علیحدہ آپریشن تھیٹر کمپلیکس فعال کر دیا ہے۔ یہ کمپلیکس ہسپتال کی پرانی آپریشن تھیٹر عمارت کی تزئین و بحالی کے بعد دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ اس میں چھ جدید آپریشن تھیٹرز شامل ہیں، جہاں جنرل سرجری، نیورو سرجری، بچوں کی سرجری، پلاسٹک سرجری، یورالوجی اور امراضِ نسواں کے ہنگامی آپریشنز کیلئے 24گھنٹے سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے ہنگامی مریضوں کے آپریشن میں تاخیر، مرکزی آپریشن تھیٹرز پر دباؤ کم کرنے اور مریضوں کو فوری اور بروقت علاج فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔کمپلیکس کا افتتاح خیبر میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے کیا۔ اس موقع پرڈاکٹر سجاد اللّٰہ ، ڈاکٹر اویس نعیم، ڈاکٹر ارم صابر علی، ڈاکٹر نثار احمد، شعبہ جات کے سربراہان، و دیگر عملہ بھی موجود تھے۔