کراچی (اسٹاف رپورٹر) عجمان میں آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر 6 مرحلے میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان پیر کو اپنے اگلے میچ میں سری لنکا کے مدمقابل ہوگا۔ اتوار کو اسکاٹ لینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ امِ ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل اور مومنہ ریاست نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے 125 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 17.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔ کپتان منیبہ علی نے 48 گیندوں پر ناقابل شکست 59 رنز بنائے، جبکہ گل فیروزہ نے 43 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 98 رنز جوڑ کر ٹیم کو آسان فتح دلائی۔ اسکاٹ لینڈ کی فیلڈنگ بھی ناقص رہی اور اس کے کھلاڑیوں نے متعدد کیچ چھوڑے۔ منیبہ علی کو فیصلہ کن نصف سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔