• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینڈ پیپر اسکینڈل، ڈیرن لی مین نے بینکرافٹ کے الزامات مسترد کردیے

سڈنی (جنگ نیوز) آسٹریلیا کے سابق ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے 2018 کے جنوبی افریقا کے دورے میں سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق کیمرون بینکرافٹ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے لاعلمی ظاہر کردی ہے۔ آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہیں گیند پر منصوبہ بندی کا علم نہیں تھا۔ بینکرافٹ نے اپنے حالیہ انکشافات میں دعویٰ کیا تھا کہ ڈیوڈ وارنر کی جانب سے گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز پر گفتگو کے وقت لی مین بھی موجود تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹی وی کیمروں پر بینکرافٹ کی حرکت سامنے آنے کے بعد لی مین نے واکی ٹاکی کے ذریعے پیٹر ہینڈزکومب کو سینڈ پیپر ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم لی مین کا کہنا ہے کہ انہوں نے سینڈ پیپر کا استعمال ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد جانا۔البتہ ٹیم میں ہر قیمت پر جیتنے کا ماحول تھا اور ریورس سوئنگ کے حصول کی کوششیں حد سے تجاوز کرگئی تھیں، جس کی ذمہ داری بطور کوچ وہ قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اسکینڈل کے بعد وہ شدید ذہنی اذیت سے گزرے اور معمول کی زندگی میں واپس آنے میں 3 سے 4 سال لگے۔ لی مین نے کرکٹ آسٹریلیا کے مجوزہ آزاد فورم میں اپنا مؤقف پیش کرنے کی بھی تصدیق کی ہے۔