پشاور (کرائم رپورٹر) گھر پر ملزمان کا حملہ ،فائرنگ،مچنی گیٹ میں 10ویلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، بڈھ بیر سے موٹرسائیکل چوری کر لی گئی جبکہ چمکنی میں اتفاقی گولی چلنے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔واقعات کے مطابق انقلاب پولیس کو حق نوا زولد حاجی امیر نوا زنے بتایاکہ وہ سوڑیزئی پایان کے رہائشی ہیں، گزشتہ روز ملزمان ان کے گھر کا دروازہ توڑ کر زبردستی اندر داخل ہوئے اور وہاں ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ بال بال بچ گئے تاہم گھر کے دروازوں اور دیواروں کو گولیاں لگیں۔ انہوں نے فائرنگ کی دعویداری ملزمان حمید اللہ، نذیر اللہ، طائوس خان، یاسین اور یاسر پر کی۔ اسی طرح مچنی گیٹ پولیس کو اکبر خان ولد خان سید سکنہ چولی پایان نے بتایاکہ اس کے دوبیٹے عبدالشکور بعمرچودہ سال اور عبدالوارث اپنی موٹر سائیکل پر فقیرکلے جارہے تھے اس دوران وہ چولی موڑ نزد پی ایس او پمپ پہنچے تو سیمنٹ سے بھرا تیزرفتار 10ویلر کے ڈرائیور نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹوں کے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس سے عبدالشکور شدید زخمی ہوکر جاں بحق جبکہ وارث زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے نامعلوم ملزم ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ادھر چمکنی پولیس کو آصف اللہ ولد زاہد جان سکنہ میرہ کچوڑی نے بتایا کہ گڑھی عزیز میرہ میں غلطی سے انگلی ٹریگر کے ساتھ لگنے سے فائرنگ ہوئی اور گولی لگنے کے نتیجے میں پائوں زخمی ہوگیا۔ بڈھ بیر پولیس کو منور شاہ ولد میاں سعید سکنہ قاضیان شیخ محمدی نے بتایاکہ اس نے محلہ غنڈا خیل شیخ محمدی میں مسجد سرتوربابا میں جمعہ کے نماز کے لئے اپنی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، پانچ منٹ بعد واپس آیا تو موٹرسائیکل غائب تھی۔