• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

UHSمیں AI انقلاب کی تیاری، داخلوں، ملازمین اور ریکارڈ کا نظام جدید بنایا جائے گا

لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے اپنے انتظامی اور تعلیمی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر مبنی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں داخلوں، بھرتیوں، انسانی وسائل کے انتظام، ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور ڈیٹا مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں اے آئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔اس حوالے سے وائس چانسلر یو ایچ ایس میجر جنرل (ر) پروفیسر سہیل صابر سے پاکستان آرمی سے وابستہ ٹیکنالوجی کمپنی نیوڈائم (Neudym) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کرنل ڈاکٹر یاسر اویس بٹ نے کی۔ ملاقات میں کمپنی کی جانب سے دفاع، صحت، تعلیم اور سرکاری شعبوں کے لیے تیار کردہ مصنوعی ذہانت کے جدید حل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے یونیورسٹی کے معمول کے انتظامی امور خودکار بنائے جا سکتے ہیں، داخلوں اور بھرتیوں کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے جبکہ ملازمین کا ریکارڈ، سرکاری دستاویزات اور تاریخی معلومات بھی ڈیجیٹل صورت میں محفوظ اور بآسانی قابلِ رسائی بنائی جا سکتی ہیں۔
لاہور سے مزید