ملتان(سٹاف رپورٹر)خواتین یونیورسٹی ملتان میں تیسری سالانہ ینگ آرٹسٹ ایگزیبیشن (ساؤتھ پنجاب) کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان فنکاروں کے تخلیق کردہ فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے جناح ہال میں منعقدہ نمائش نے نوجوان آرٹسٹس کو اپنی فنی مہارت، تخلیقی سوچ اور منفرد فنکارانہ زاویوں کے اظہار کا پلیٹ فارم فراہم کیا ڈپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش کی سرپرستی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی فنی مہارتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا جامعات کی اہم ذمہ داری ہے ،نمائش کے منصفین میں جامعہ زکریاکے سابق پرنسپل، سینئر آرٹسٹ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور معروف آرٹ ایجوکیٹر و بصری فنکارہ مس جواہر لودھی شامل تھیں ،اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے نوجوان فنکاروں کے فن پاروں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے معیار، فنی مہارت اور تخلیقی جدت کو سراہا ۔ نمائش کے انعقاد میں ڈپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا، جس میں مس سونیا ناصر خان فوکل پرسن و ڈائریکٹر، مس ارہمش انصاری کیوریٹر، مس علینا انصاری منیجر، ڈاکٹر سمیرا محبوب سپانسر آرگنائزر اور مس طیلسان الفاطمہ سپورٹنگ آرگنائزر کے طور پر شامل تھیں۔