ملتان(سٹاف رپورٹر)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں عالمی یومِ حیاتیاتی کرہ کے موقع پر یونیسکو چیئر سسٹین ایبلٹی کلب اور یونیسکو چیئر فار لو کاربن اینڈ سسٹین ایبل ایگریکلچر کے باہمی اشتراک سے ہیریٹیج ٹریل شو کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد حیاتیاتی تنوع، قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے اور پائیدار ترقی کے حوالے سے طلبہ میں شعور و آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ شو میں لال سوہانرا اور چولستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے لیے لائیو پینٹنگ، پلیج کینوس، ڈرامہ، پرسنفیکیشن، موسیقی اور روایتی فنون سمیت چھ مختلف سرگرمیاں پیش کی گئیں، جن میں طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور نوجوان نسل اس حوالے سے مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔،تقریب میں توکل ہیچری کے چیف ایگزیکٹو جاوید سندھو، یونیورسٹی چیئر سسٹین ایبلٹی کلب کے صدر و ایمبیسیڈر مرزا کمیل رضا، پروفیسر ڈاکٹر حماد ندیم، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ حکیم، پروفیسر ڈاکٹر عرفان بیگ، پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا، پروفیسر ڈاکٹر سلمان قادری، پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی، ایمن بتول فوکل پرسن یونیسکو چیئر زرعی یونیورسٹی، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔