• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں بڑھتی چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کیخلاف تاجروں کا بھر پور احتجاجی مظاہرہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران دہلی گیٹ تا دولت گیٹ سرکلر روڈ ملتان کے زیر اہتمام شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری‘ موبائل فون اور نقدی چھیننے کی وارداتوں کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت صدر عثمان جٹ نے کی، جبکہ مظاہرے میں سلیم بھٹی‘ جنید‘ شعیب‘ اعظم، نعیم‘ خالد‘ اسلم‘ شہباز، عامر یٰسین سمیت کثیر تعداد میں تاجروں نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے نے تاجروں اور شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، موٹر سائیکلیں، موبائل فون، دکانوں کا سامان اور نقدی چھیننے کی وارداتوں کے باعث تاجر شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں اور کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، رہنماؤں نے کہا کہ ایک طرف جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر وارداتیں کر رہے ہیں تو دوسری جانب متاثرہ تاجروں کو مقدمات کے اندراج کے لئے تھانوں کے بار بار چکر لگانے پڑتے ہیں، مبینہ طور پر بعض پولیس اہلکاروں کے نامناسب رویے اور رشوت طلبی کی شکایات نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے،مظاہرین نے سی پی او ملتان اور آر پی او ملتان سے پرزور مطالبہ کیا کہ پولیس نظام میں موجود بدعنوانی، رشوت طلبی اور شہریوں سے بدتمیزی کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے، ایسی شکایات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف شفاف انکوائری کرکے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایماندار، فرض شناس اور بہادر افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں، تاجر رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے شہریوں اور تاجروں سے لوٹا گیا مال برآمد کروایا جائے، تھانوں میں مقدمات کا اندراج یقینی بنایا جائے اور مارکیٹوں، بازاروں اور کاروباری مراکز میں پولیس گشت بڑھایا جائے۔
ملتان سے مزید