ملتان (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن ملتان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی متعدد شکایات تاحال زیر التوا ہیں، جن میں کتوں کی تلفی، تجاوزات کے خاتمے، سٹریٹ لائٹس کی خرابی اور دیواروں پر چاکنگ جیسے عوامی مسائل شامل ہیں۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق میونسپل کارپوریشن ملتان کے خلاف مجموعی طور پر 68 شکایات زیر التوا ہیں، جن میں کتوں کی تلفی سے متعلق 13، تجاوزات کے حوالے سے 3، سٹریٹ لائٹس کی خرابی کی 50 جبکہ دیواروں پر چاکنگ کی 2 شکایات شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ شکایات سٹریٹ لائٹس کی خرابی سے متعلق ہیں، جو شہریوں کے لیے رات کے اوقات میں آمدورفت اور سکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں۔