• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر 15روز یا ماہانہ بنیادوں پر کرنیکا مطالبہ

ملتان (سٹاف رپورٹر ) آل پاکستان پٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کے ڈسٹرکٹ ملتان کے صدر عمر فرید خان بابر ،نائب صدر ملک سلمان گاگرہ،جنرل سیکرٹری راو زاہد شریف‘ چیف آرگنائزر ملک اشفاق ، چوہدری مظہر صادق،شیخ سادات اور ایاز حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کرنے کے بجائے قیمتوں کا تعین ہر 15 روز یا ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے تاکہ عوام، پٹرول پمپ مالکان اور پٹرولیم سیکٹر سے وابستہ کاروباری حلقوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے عوام شدید ذہنی اور معاشی پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ پٹرول پمپ مالکان کیلئے بھی کاروباری معاملات چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ قیمتوں میں اچانک کمی یا اضافے کے باعث پہلے سے خریدے گئے سٹاک کی مالیت متاثر ہوتی ہے، جس سے کاروباری نقصان اور مالی مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال نے پورے کاروباری نظام کو متاثر کر رکھا ہے۔ پٹرول پمپ مالکان کو روزانہ کی بنیاد پر سٹاک، خریداری، فروخت اور مالی معاملات کی منصوبہ بندی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ پٹرولیم سیکٹر سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک ایسی پالیسی مرتب کرے جس میں تسلسل اور شفافیت موجود ہو۔ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اپنی جگہ، تاہم حکومت کو چاہیے کہ عالمی قیمتوں کا جائزہ لے کر ہر 15 روز بعد قیمتوں کا تعین کرے۔ اس طریقہ کار سے عوام کو بھی اپنے ماہانہ اخراجات کی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔
ملتان سے مزید