ملتان (سٹاف رپورٹر)ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں خواتین کے تحفظ کیلئے 16روزہ آگاہی مہم کا آغاز، یونیورسٹی میں خصوصی بینر کی رونمائی اور کیو آر کوڈ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد اور رجسٹرار عاصم عمر سمیت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔مہم کا مقصد خواتین اور بچیوں کے حقوق، تحفظ، مساوات اور عزت و احترام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے ون ملین پلیج مہم کے تحت خواتین اور بچیوں کے احترام، مساوی حقوق کے فروغ، امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی اور تشدد کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔اس مہم کے تحت طلبہ و طالبات اور یونیورسٹی کے دیگر افراد کو کیو آر کوڈ اسکین کرکے ایک ملین عہد کا حصہ بننے کی ترغیب دی گئی، تاکہ خواتین کیلئے محفوظ‘ باوقار اور پُرامن معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔یہ آگاہی مہم 10 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔