ملتان(سٹاف رپورٹر) جامعہ قاسم العلوم گول باغ گلگشت کالونی ملتان کے نائب مہتمم اور جمعیت علماء اسلام ملتان کے امیر مفتی عامر محمود نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے رات گئے جامعہ قاسم العلوم میں کارروائی کرتے ہوئے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد طلبہ کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی جب کہ رہائشی اساتذہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا،انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ادارے کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جزوی توڑ پھوڑ کی گئی اور رہائشی اساتذہ کے گھروں میں داخل ہوکر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، اس دوران خواتین اور بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور گرفتار طلبہ، اساتذہ، خواتین اور بچوں کی رہائی یقینی بنائی جائے۔