ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے تمام اضلاع میں او ایس آر کے تحت جاری ترقیاتی سکیمیں تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار اور خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان نے بتایا کہ ضلع ملتان میں او ایس آر فیز ٹو کے تحت 806 ملین روپے کی لاگت سے 14 ترقیاتی سکیمیں منظور کی گئی ہیں، جن کے ٹینڈرز یکم دسمبر تک مکمل کر لیے جائیں گے، کمشنر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں سڑکوں کے ساتھ اطراف کے ماحول اور متعلقہ سہولیات کی بہتری بھی یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کمشنر نے آئندہ ہفتے ڈویژن کے تمام اضلاع میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشینری اور گاڑیوں کے مشترکہ معائنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ایم ڈیز خود گاڑیوں کی حالت کا جائزہ لیں گے، جبکہ ٹائرز، باڈی، ویلڈنگ، پینٹ اور دیگر ضروری امور کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔