ڈیرہ غازی خان(نامہ نگار )نیو سبزی منڈی ڈیرہ غازی خان گزشتہ کئی سالوں سے مسائلستان بنی ہوئی ہے ، نیو سبزی منڈی کو آنے والے راستے سیوریج کے گندے پانی اور بارش کے پانی سے دلدل بنے ہوئے ہیں، جہاں سے موٹر سائیکل پر گزرنا بھی محال ہے، منڈی میں جگہ جگہ کوڑ ے اور گندگی کے ڈھیر ہیں، صفائی نہ ہونے سے گلے سڑے پھلوں اور سبزی سے فضامیں بدبو ہے، ہلکی بارش ہو جائے تو سبزی منڈی میں پیدل چلنا مشکل ہو جاتا ہے، نیو سبزی منڈی میں آڑھتیوں کی متعدد تنظیموں کے نام پر نام نہاد رہنماؤں نے بھی منڈی کی حالت زار کی درستگی کے نام پر لاکھوں روپے ہڑپ کر لئے، جبکہ نیو سبزی منڈی کو شہر سے باہر ملتان اور سخی سرور روڈ پر منتقلی کے نام پر بھی آڑھتیوں سے لاکھوں روپے بٹور لئے گئے ،نیو سبزی منڈی کی انتہائی خراب حالت زار شہریوں اور کاشتکاروں کے لئے تکلیف دہ بنی ہوئی ہے، ڈسٹرکٹ بار جنرل سیکرٹری محمد اظہر خان سکھانی، منظور قادر لنڈ ایڈووکیٹ، مسرت علی ایڈووکیٹ نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔