کراچی (جنگ نیوز) معاشرے کے حساس ترین مسئلے پر ”جیو“‘ نے ”تیرا میرا رشتہ“ کے نام سے ایک چونکا دینے والی اور زندگی کی حقیقتوں سے قریب ترین سیریل تیار کی جو ان دنوں ہر جمعے اور ہفتے کی شب آٹھ بجے ٹیلی کاسٹ ہوتی ہے۔ جمعے کی شب اس سلسلے کی گیارہویں قسط میں حورین کے بھائی اور بھابی اس سے ملنے آئیں گے اور مراد کی ماں کے ہاتھوں خوب ذلیل و رسوا ہونے کے بعد جاتے جاتے، حورین سے بھی کھری کھری سننے والے ہیں۔ ناظرین دیکھیں گے کہ مائز، حورین کو صرف ایک ڈیل کا حصہ گردانتے ہوئے بری طرح نظرانداز کررہا ہوگا۔ اس معاملے میں حورین کی مشکلات اس وقت اور بڑھیں گی جب مرجان بھی حورین کے خلاف مائز کے کان بھر رہی ہوگی۔ تازہ قسط میں ایک طرف بیٹی کی جدائی میں حورین کی ماں رو رو کر نڈھال ہوگی تو عین ممکن ہے کہ دوسری طرف حورین مراد کی وجہ سے اپنی کلائیاں کاٹ کر خودکشی کی کوشش بھی کررہی ہوگی۔ دیکھنا یہ ہے کہ حورین تازہ قسط میں زندہ بھی بچ پائے گی یا نہیں۔ ”تیرا میرا رشتہ“ کی مصنفہ رابعہ رزاق ہیں، اسے علی فیضان آنچن نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس میں مرکزی کردار شہزاد نور، فروا کاظمی اور علمدار سمیت مختلف فنکار ادا کررہے ہیں۔