• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی کوریا کی جوہری ٹیکنالوجی پاکستان سے بہتر ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر

کراچی( نیوزڈیسک)پاکستان کے جوہری سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا کہنا ہے کہ جوہری ٹیکنالوجی کے میدان میں شمالی کوریا پاکستان سے بہت آگے ہے۔چین اور روس اسے کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ روس اور چین نے ویتنام اور امریکا کی جنگ میں بھی ویتنام کا ساتھ دیا تھا اور اب وہ شمالی کوریا کو بھی کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا  کہ اگر یہ سوال کیا جائے کہ کیا شمالی کوریا جوہری ٹیکنالوجی بنا سکتا ہے یا نہیں؟ تو ہاں وہ بنا سکتے ہیں اور اس کا اندازہ انھیں شمالی کوریا اور پاکستان کے درمیان میزائیل پروگرام کے حوالے سے رابطوں کے دوران ان کے ماہرین سے ملاقاتیں اور کام کرنے سے ہوا۔ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ میزائل پروگرام کے حوالے سے ان کا شمالی کوریا دو مرتبہ آنا جانا ہوا ،ان کی ٹیکنالوجی پاکستان سے بہت بہتر ہے وہاں کے ماہرین بہت سمجھدار ہیں اور زیادہ تر روس سے تعلیم یافتہ ہیں۔

تاہم وہ اس امکان کو رد کرتے ہیں کہ شمالی کوریا نے کبھی پاکستان کی ٹیکنالوجی اور علم سے کوئی فائدہ اٹھایا ہو گا۔سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ان کی مجموعی ٹیکنالوجی ہماری ٹیکنالوجی سے بہت بہتر ہے۔ ہماری ٹیکنالوجی تو وہی پرانی ہے جو امریکیوں کی عام ٹیکنالوجی تھی، ہم نے کبھی نہ ان کی فکیلٹی دیکھی اور نہ ہی اس معاملے پر بات کی، ہم ان کے ساتھ میزائل کے پروگرام کرتے تھےجو سب کو پتہ ہے اور پاکستانی حکومت نے خود اعلان کیا کہ ہمارا ان سے رابطہ تھا۔واضح رہے کہ شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک ایسے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا ہے جو ایک ایٹمی بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔

تازہ ترین