• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گولڈن ویزہ اسکیم اور سیاسی پناہ کیلئے ہزاروں افراد کی اسپین آمد

Thousands Arriving In Spain For Golden Visa Scheme And Political Asylum

ہسپانوی گولڈن ویزہ سکیم کے تحت مختلف ممالک کے27ہزار 301 سرمایہ کاروں نے اسپینش رہائشی کارڈ حاصل کر لیے ، اس اسکیم کی بدولت 2016کے اختتام تک اسپین میں غیر ملکیوں نے 2ارب 15کروڑ 70لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کی، جس کا خاطر خواہ فائدہ ہسپانوی معیشت کو ہوا ۔

رہائشی کارڈز حاصل کرنے والوں میں سے 59عشاریہ 4فیصد چائنیز اور روسی باشندے شامل ہیں ،ان کی 72فیصد سرمایہ کاری کا محور اسپین میں جائیدادوں کی خرید رہا۔

ایک اطلاع کے مطابق اسپین میں رہنے والے 5لاکھ کے قریب تارکین وطن 10سال اسپین میں مستقل مقیم رہنے کے قانون کو پورا کرنے کے باوجود ابھی تک ہسپانوی شہریت کے حق سے محروم ہیں، جس کے لئے حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔

ہسپانوی گولڈن ویزہ سکیم کے تحت کوئی بھی غیر ملکی اگر اسپین میں 5لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کرے تو اُسے ہسپانوی رہائشی کارڈ جاری کر دیا جاتا ہے ۔

دوسری طرف اسپین میں امسال سیاسی پناہ کی درخواستوں کی تعداد 23ہزار 200تک جاپہنچی جبکہ گذشتہ سال 16ہزار 554تارکین وطن نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دی تھیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق سیاسی پناہ کی درخواستیں دینے والوں میں وینز ویلاسر فہرست ہے، جس کے 7ہزار 400 باشندوں نے اسپین میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

ان کے علاوہ ایل سیلوادور کے 870 باشندے، فلسطین کے 840 ،اوندوراس کے 730 اور کیمرون کے 650تارکین وطن نے اسپین میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دائر کی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یورپ کے 28ممالک میں ستمبر 2017کے اختتام تک کل 4لاکھ 96ہزار افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دائر کی ہیں ۔

 

تازہ ترین