• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا میں 11سالہ مسلم طالبہ پر حملے کی تفتیش شروع

اوٹاوا (نیوز ڈیسک)کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں ایک 11سالہ مسلمان لڑکی کے حجاب کو ایک شرپسند شخص نے قینچی سے کاٹ ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹورانٹو کے مصروف ترین علاقے میں پیش آیا۔ متاثرہ لڑکی اپنے بھائی کے ساتھ جارہی تھی کہ اچانک تاک میں بیٹھے ایک شخص اس پر حملہ کرکے سکارف کھینچ ڈالا۔ لڑکی نے جب شور مچایا تو حملہ آور شخص اس وقت فرار ہوگیا، مگر کچھ دیر بعد اس نے پھر حملہ کردیا اور قینچی سے اسکارف کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے۔ رپورٹس کے مطابق حملے کا شکار لڑکی چھٹی جماعت کی طالبہ ہے اور سکول میں بھی اپنے سرکو ڈھانپ کر رکھتی ہے۔ متاثرہ لڑکی خولہ نعمان نے بتایا کہ جب وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ سکول جارہی تھی تو اچانک قینچی لئے ایک شخص اس کی جانب بڑھا، اس نے دو مرتبہ میرے حجاب کو کاٹنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے میں بہت خوف زدہ ہوگئی، مجھے اس کی توقع نہیں تھی کہ لوگ اس طرح کی حرکت کریں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایشیائی تھا، جس کی عمر20سال کے قریب تھی۔ یہ واقعہ ٹورانٹو کے مشرقی علاقہ میں واقع پائولین جانسن سکول کے قریب پیش آیا۔ واقعہ کی تفصیلات حاصل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دستیاب شواہد کی روشنی میں ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
تازہ ترین