فاروق احمد انصاری
شیروانی کا نام سنتے ہی ہمارے پیارے قائد محمد علی جناح کا سراپا سامنے آجا تاہے جنہوں نے شیروانی کے فیشن کو بر صغیر میں عام کیا اور اس کے بعد ہمارے حکمرانوں کے فیشن کا حصہ بن گئی۔
کبھی شیروانیاں صرف نواب اور جاگیردار گھرانوں اور پڑھے لکھے لوگوں کی شناخت ہوا کرتی تھی،لیکن اب اسے عام لوگ بھی شوق سے پہننے لگےہیں اورشیروانی کے فیشن یا اس کی ضرورت شادی بیاہ کی تقریبات میںپڑ ہی جاتی ہے۔
ضروری نہیں کہ صرف دولہا ہے شیروانی زیب تن کرے بلکہ زیادہ تر مرد حضرات کی کوشش ہوتی ہے کہ بارات میں شیروانی پہن کر دولہے کی سج دھج میں اضافہ کرے۔ اس کے نئے نئے ڈیزائن لوگوں میں متعارف کرائے جاتے ہیں جو وہ اپنی پسندکے حساب سے پہنتے ہیں ۔
کچھ لوگ عام طور پر بھی شیروانی پہنے کا شوق رکھتے ہیں ۔ دولہے کی شیروانی پر خاص قسم کے موتیوں کا کام کیا جاتا ہے جبکہ عام طور پر پہنی جانے والی شیر وانی کچھ سادے ڈیزائن کی ہوتی ہے۔
کپڑے شخصیت میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔ اسی لیے کپڑے انسان اپنے مزاج اور شوق کے حساب سےپہنتا ہے جو اس کے ذوق کی عکاسی کرتے ہیں۔ مردوں کے کپڑوں میں ایک الگ رعب ہوتا ہے جو ان کی شخصیت کو مزید واضح کر دیتا ہے۔
شیروانی کی بھی یہی خاصیت ہے ۔ شیروانی ایک منفرد پہناوا ہے، جس میں مرد کی شان اور بڑھ جاتی ہے۔ یہ ایک لمبے کوٹ کی طرح ہوتی ہے جسے ہلکے کرتے کے اوپر پہنا جاتاہے اور اس کے ساتھ پاجامہ یا شلوار پہنی جاتی ہے۔
اب تووہ دور ہے شاید ہی کوئی ایسا فیشن شو نہ ہوں جہاں خواتین ماڈلز کے ساتھ ساتھ مرد حضرات رنگ برنگی ، نت نئے ڈیزائن کی شیروانیوںکی چکا چوند نہ دکھارہے ہوں۔ آئے روز مردوں کیلئے نئے ٹرینڈ، فیشن کے پہناووں میں ہلکی، شوخ، چمکتی کڑہائی اور موتیوں کے کام والی شیروانیاںمتعارف کروائی جاتی ہیں۔
اب فواد خان ویلوٹ سے بنی گہرے رنگ کی شیروانی پہنے ہوں یا رنویر سنگھ ایک چمکتی بھڑکتی ہوئی شیروانی ان کے پہناوے دیکھ کر خواتین بھی رشک کرنے لگتی ہیں۔
ہمارے کلچر میں مغربی کلچر کی تسلط پسندی کے باوجود ، شیروانی اب بھی دولہا کی شادی کے لباس کے لئے گرم پسندیدہ ہے۔ روایتی شادی کے لباس کے لئے، ہندو، مسلمان، اور دیگر ایشیائی اب بھی اس خوبصورت اور شاہی شیروانی کا انتخاب کرتے ہیں ۔
آج، شیروانی ڈیزائن مختلف اقسام اور مٹیریل میں دستیاب ہے۔ سب سے زیادہ مانگ سرخ او ر گولڈن شیروانیوں کی ہے ،تاہم سبز ، گرین اور نیلے رنگ بھی جوانوں میں مقبول ہیں۔ شیروانی کےساتھ کرتا ، پاجامہ یا چوڑی دار پاجامہ پہنا جاتاہے ۔ شیروانی پر موتی، بٹن، پتھروں ، شیشے کی کڑھائی، ہاتھ کا کام اور زردوزی اورایمبرائڈری کی گئ ہوتی ہے۔
شیروانیاں کم خواب، ویلویٹ ، ریشم ، کاٹن سلک، بروکیڈ اور ٹیکسچرڈ کپڑے کی بنائی جاتی ہیں۔ آپ اپنی مرضی یا پسند کی شیروانی منتخب کرسکتے ہیں لیکن اس کیلئے آپ کو اپنی جیب بھی دیکھنی ہوگی اور ساتھ ہی یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ آپ کی شخصیت کے مطابق کونسی شیروانی آپ پر جچے گی۔ اگر آپ دولہا بننے جارہے ہیں تو پھر آپ کو ا پنی پسندیدہ شیروانی کیلئے بڑی ریاضت کرنی پڑے گی۔
جودھ پوری پینٹس کے ڈیزائن کےساتھ مختلف رنگوں کے امتزاج بھی بھلا لگتاہے۔ شیروانی کے کالرزکے بھی کئی اندازہیں ا ور شیروانی پر پہنا ہوا کُلہّ، پگڑی ، صافہ دولہے کی شان بڑھا دیتاہے ۔ کندھوں پر جھولتا ہوا اسٹول یا دوپٹہ شیروانی کو اور بھی حسین بنا دیتاہےاور پیروں میں چم چم کرتا کھسہ دولہا کے جمال کو مکمل کردیتاہے۔
فیشن شوز میں ایشیا کے سبھی نامور ڈیزائنرز شیروانیوں کے نت نئے ڈیزائن متعارف کرووارہے ہیں اور معروف برانڈز بھی شیروانی فیشن میں سرمایہ کاری کررہے ہیں کیونکہ شیروانی ایسا لباس ہے جو ہر انسان زندگی میں ایک بار تو ضرور پہنتاہے۔ تو آئیں شیروانیوںکے کچھ اقسام کے بارے میں جانتے ہیں:
چپکن اسٹائل شیروانی
یہ شیروانی شاہانہ طرز کو ظاہر کرتی ہیں جس کی ڈیزائن مغلیہ سلطنت کی یاد دلاتاہے۔ اگر آ پ بھی مغلیہ بادشاہوں جیسی شان و شوکت اختیار کرنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کیلئے بہترین انتخاب ہے۔ یہ منفرد بھی ہے اور جاذب نظر بھی!
انڈو ۔ ویسٹرن شیروانی
نیوی بلو رنگ کے ساتھ جدید زمانے کا ٹچ لیے انڈو۔ ویسٹرن شیروانی سے آپ نیا ٹرینڈ سیٹ کرسکتے ہیں۔ اس کے شیڈز، گہرائی اور رنگ بہترین پیکج بن کر آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتے ہیں ۔ صرف یہی نہیں بلکہ اسٹون بیڈز ، موتی ، رائل اسٹائل کے بٹن اور کف دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کرسکتے ہیں۔
اچکن اسٹائل شیروانی
مردانہ فیشن کو نئی سمت لے جانے والا یہ اسٹائل ہمیشہ فیشن کی دنیا میں ’اِن‘ رہتاہے۔ اگر آپ کوئی کوئی بھی اسٹائل پسند نہیں آرہا تو آنکھیںبند کرکے اچکن اسٹائل والی شیروانی خرید لیں ، آپ کی شادی یادگار ہوجائے گی۔ اس کے ساتھ آپ چوڑی دار پاجامہ اور جیکٹ پہن کر اسے نیا اندا زدے سکتے ہیں۔
انگرکھا شیروانی
انگرکھا شیروانی پہن کر آپ پھولے نہیں سمائیں گے۔ اپنی جسامت کے حساب سے بنوانے کی وجہ سے اس کی بہت ڈیمانڈ ہے ۔ فیشن ایکسپرٹس کا مانناہے کہ اس قسم کی شیروانی میں ہر قسم کا پہلو ملتاہے کیونکہ گلے سے لے کر کالر، کف تک ،ہر چیز شیشے کی کڑھائی سے کور کی گئی ہے۔
پرنٹڈ ماڈرن شیروانی
انڈیگو بلو پرنٹڈ ماڈرن شیروانی نئے اور پرانے دور کا حسین امتزاج ہے ۔ مختلف پیٹرنز، ڈیزائنز اور آرٹ ورکس کےساتھ جب آپ اسے دیکھیں گے تو اس کی محبت میں گرفتار ہو جائیں گے۔ سب سے بہترین چیز اس کا زبردست مٹیریل ہے جسے پہن کر آپ انجوائے کریں گے۔ اپنے ’لُک ‘ کو اور بہتر کرنے کیلئے آپ اس میں کف لنکس ، پن ار چین بھی لگا سکتے ہیں۔
روایتی شیروانی
پاکستانی ہونے کے باوجود اکثر آپ نے اسے ہندوستانی شادیوں میں دیکھا ہوگا، اور یہ شادیوں کے سیزن میں سب سے زیادہ نظر آنے والی شیروانی ہے ۔ اسے صرف دولہے ہی بلکہ دیگر باراتی بھی بڑے ذوق و شوق سے پہنتے ہیں، اور یہ تقریباََ سبھی کے وارڈ روب کا حصہ ہے۔
جودھ پوری شیروانی
یہ بھی رائل اسٹائل کی پہچان ہےجو شاہانہ شادیوں میں پہنی جاتی ہے۔ رائل شادیاں تو جودھ پوری شیروانی کے بغیر پوری ہی نہیں ہوتی ہیں۔ ڈیزائنرز کی یہ سب سے فیورٹ شیروانی ہے اور سالہا سال تک اس کا فیشن ختم ہونے والا نہیںہے تاہم اس کے ایڈیشن محدود ہوتے ہیں اور یہ مہنگی شیروانیوںمیں شمار ہوتی ہے۔
جیکٹ اسٹائل شیروانی
جیکٹ اسٹائل شیروانی پہن کرآپ خود کو کسی سلطنت کا شہزادہ گما ن کرسکتے ہیں۔ اس کےکے مفرد موٹفس ، میٹ گولڈ فنش اور بہترین کام اسے سب سے نمایاں کرتاہے اور آپ سب میں اپنی بہار الگ ہی دکھا رہے ہوتے ہیں۔