• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نازو کرشمہ، عِشوہ و انداز اور ادا....

تحریر:عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:نیہا لاج

ملبوسات:بوتیک ڈاٹ

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:عالیہ نثار

لے آئوٹ:نوید رشید

ایک وقت تھا، جب محبّت کا یقین دلانے کے لیے چاندتارے توڑ لانے کے دعوے، وعدے کیے جاتے تھے، لیکن اب موبائل فون، فیس بُک وغیرہ کے پاس ورڈز اور پِن کوڈز سے آگاہ کرنا ہی محبّت کا امتحان ٹھہرا۔ شاید اسی لیے آج کل کے فلمی گیتوں میں بھی اظہارِمحبّت کچھ یوں ہو رہا ہے۔ ’’آج سے تیری ساری گلیاں میری ہو گئیں…آج سے میرا گھر تیرا ہو گیا…آج سے میری ساری خوشیاں تیری ہوگئیں…آج سے تیرا غم میرا ہوگیا…او میرے خوابوں کا امبر… او میری خوشیوں کا سمندر… او میرے پِن کوڈ کا نمبر…آج سے تیرا ہو گیا۔‘‘ حالاں کہ محبّت میں اگر صرف خلوص و وفا کا جذبہ ہی شامل ہو، تو پھر نہ تو کسی دعوے کی ضرورت رہتی ہے اور نہ ہی کسی کڑے امتحان سے گزرنے کی حاجت کہ مہر و وفا کی دھیمی دھیمی لَو ’’میثاقِ محبّت‘‘ کو آپ ہی آپ مضبوط سے مضبوط تر کرتی چلی جاتی ہے۔

اور…جب چار سُو محبّت کے رنگ ہی رنگ بکھرے ہوں، تو پھر تو سجنے سنورنے کا لُطف ہی کچھ اور ہوتا ہے۔ تو لیجیے، چاہت و الفت کے رنگوں کے ساتھ، ہمارے حسین رنگ و انداز سے بھی ذرا خود کو بھگو کے دیکھیے، سیاہ رنگ پلین شرارے کے ساتھ قدرے لمبی فرنٹ اوپن قمیص کا انداز کیسا پیارا ہے۔ شرارے کے گھیر پر سلور رنگ لیس بہار دکھا رہی ہے، تو چُنری پرنٹ قمیص پر گوٹے، ستاروں کا دِل کش کام ہے۔ بیج رنگ چُوڑی دار پاجامے کے ساتھ خُوب صُورت ایمبرائڈرڈ شرٹ اور نیٹ کا دوپٹا ہے، تو گہرے عنّابی رنگ پرنٹڈ لباس پر ستارے کے نفیس کام کا جلوہ۔ 

بہت ہلکے سُرمئی سے رنگ میں تھریڈ ورک سے مرصّع شرٹ، دوپٹا ہے، تو طلائی رنگ بنارسی فیبرک میں رنگا رنگ گوٹا ورک سے مزین پہناوا بھی۔ کہیے، دِل سے بے اختیار ہی آواز آئی ناں، ’’نازو کرشمہ، عِشوہ و انداز اور ادا، کیا کہنے، واہ واہ !!‘‘

تازہ ترین
تازہ ترین