بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک ایسا حیرت انگیز بچہ موجود ہے جو ایل ای ڈی بلب کو بغیر بجلی کے محض اپنے جسم کے کسی بھی حصے سے چھو کر روشن کردیتا ہے۔
نو سالہ بچے طاہر کی بلب روشن کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ بلب کو ہاتھ، پیر یا جسم کے کسی بھی حصے سے چھوتا ہے تو وہ جل اٹھتا ہے۔
بچے کے والد نذیر کا کہنا ہےکہ ایک بار وہ ایک بلب خرید کر لائے اور بچے سے کہا کہ وہ اسے اوپر ریک میں رکھ دے، بچے کے ہاتھ لگانے پر وہ بلب جل اٹھا، میں اسے شعبدہ سمجھا اور کہا کہ وہ ایسا نہ کرے مگر طاہر اس عمل کو نہ روک سکا۔
والد کا کہنا ہے کہ میں نے بچے کے جسم پر بار بار بلب چھوکر اور جلا کر دیکھا اور حیران رہ گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے بچےکی اس خاصیت پر بہت خوش ہوں اور فخر محسوس کرتاہوں،یہ صلاحیت خدا کا تحفہ ہے۔
طاہر کی یہ صلاحیت دیکھ کر بچے کے ایک رشتہ دار بہت خوش ہوئے اور انہوں نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور یہ بچہ راتوں رات سوشل میڈیا پر مشہور ہوگیا۔
جس علاقے میں طاہر رہائش پذیر ہے وہاں کے رہنے والے اس معاملے پر حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ چونکہ اس بچے کا والد ایک الیکٹریشن ہے اس لیے ممکن ہے کہ اس نے بچے کے جسم کے گرد کوئی بیٹری چھپا کررکھی ہو اور بچے کو محض کرنٹ پاس کرنے والا ایک موصل یعنی کنڈیکٹر بنایا ہو۔
یہ بچہ طاہر اپنی اس صلاحیت کے ساتھ سائنسدانوں کیلئے بھی تحقیقات کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔