• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خوش آئے تِرے حُسن کو یہ کیف کی ساعت....


تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عیشا نور
ملبوسات: ہائی فیشن ڈیزائنز (کلفٹن،کراچی)
آرایش: روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید

تشکّر،مٹھاس اور چاشنی کے احساس میں گُھلی مِلی عیدِ سعید تو اپنوں کے سنگ خوشیاں کشید کرتے گزر چکی،لیکن بعد از عید بھی کہیں عید ملن پارٹیز، تو کہیں شادی بیاہ کی تقریبات کی صورت خوشیوں، مسرّتوں کے غنچے کِھلے کِھلے سے ہیں۔گویا سکھی سہیلیو ںکے ساتھ مل بیٹھ کر ہنسنے، بولنے، گانے گنگنانے، شرارتیں کرنے، نوک جھونک، پُرانے قصّے دہرانے اور من پسند موضوعات پر گفتگو کا سلسلہ ابھی دراز ہے۔ تو لیجیے،ایسے ہی ماحول و مواقع کے لیے ہم نے آج اپنی بزم کچھ حسین و دِل کش سے ملبوسات سے مرصّع کردی ہے۔

امسال عید پر غرارہ پینٹ، سگریٹ پینٹ،پلازو پینٹ، پینسل ٹراؤزر کے ساتھ پیپلم، ایمبرائڈرڈ کٹ ورک شرٹس، کُرتیاں، پشوازیں خاصی اِن رہیں، تو فیبرک میں لان، کاٹن، لائٹ شیفون، میسوری، بنارسی اور کاٹن نیٹ زیادہ پسند کیا گیا۔اب ہمارے شوٹ پہ نگاہ ڈالیے، میسوری فیبرک میں طلائی رنگ ڈبل لیئر غرارے اور شرٹ کا کامبی نیشن کس قدر بھلا لگ رہا ہے۔ قمیص کے بوٹ نیک گلے پر موتی کانہایت دِل کش کام ہے، تو غرارے کے گھیر پر بلیک مخملیں کٹ ورک کا بھی جواب نہیں۔جب کہ کنٹراسٹ میں چوڑی لیس سے آراستہ سُرخ رنگ دوپٹے کے تو کیا ہی کہنے۔ٹرکوائز اور مہندی رنگ کے امتزاج میں مروڑی ورک سے آراستہ ایک دِل آویز لباس ہے، جس کے ساتھ گہرے عنّابی رنگ دوپٹے کے انتخاب نے تو گویا لباس کا حُسن دو آتشہ کردیا ہے۔ کریم رنگ چوڑی دار پاجامے کے ساتھ فرنٹ اوپن ٹیل پشواز کا انداز بھلا ہے، تو بینگنی رنگ میں فُل ایمبرائڈرڈ قمیص اور ہاف ایمبرائڈرڈ ٹراؤزر کے ساتھ کنٹراسٹ میں شفتالو رنگ دوپٹا بھی ایک حسین انتخاب ہے۔

عید ملن پارٹیز یاپھر شادی بیاہ کی کسی تقریب میں، اگر ان پہناووںمیں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کر کے اور خُوب سج دھج کے چلی گئیں، تو ہر سہیلی ہی واری واری نہ گئی، تو کہیے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین