• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی وڈ میں سنجو اور پاکستان میں طیفا ریلیز ہونے سے پہلے انتظارکی شدت بڑھارہا ہے۔سنجو تو اسی ہفتے ریلیز ہوجائے گی، لیکن طیفا ان ٹربل کی ریلیز 20جولائی ہے۔علی پہلے اس فلم کا ٹیزر ہٹ ہوا، پھر ٹریلر نے دُھوم مچائی، پھر باری آئی فلم کے آئٹم سونگ کے ویڈیو لانچ کی، جس کے بعد طوفان آگیا۔ طیفا کے آئٹم نمبر نے ریکارڈ بنایا ،علی ظفر اور مایا علی کے آئٹم نمبر ’’ میں آئٹم نمبر نہیں کروں گی‘‘ کو پہلے2دن میں صرف یو ٹیوب پر 20لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔ اس آئٹم نمبر کو بائیس جون کو رات 9بجے کے قریب لانچ کیا گیا تھا۔اب تک اس آئٹم نمبر کو دُنیا بھر میں صرف یو ٹیوب پر چالیس لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے ۔ اس آئٹم نمبر کی ویڈیو میں موسیقی، آواز،انداز اور لباس سب زبردست ہے ۔گانا پہلی ہی بار میں سننے والے اور دیکھنے والے کے دل میں گھر کرلیتا ہے۔ طیفا کے آئٹم نمبر کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ پُورے خاندان کے لیے ہے ۔فلموں میں آئٹم سانگ کے دیوانے اور مخالفین دونوں اس آئٹم نمبر کو پسند کر رہے ہیں۔اس گانے نے پاکستان ہی نہیں بالی وڈ سمیت دنیا بھر میں دُھوم مچادی ہے ۔اس سے پہلے کوئی پاکستانی فلمی گانا اتنی تیزی سے مقبول نہیں ہوا۔ گانے کی موسیقی نقاش حیدر نے ترتیب دی ہے ۔گانے کے بول خود’’راک اسٹار‘‘ علی ظفر کے ہیں، جنھوں نے نہ صرف یہ گانا گایا ہے بلکہ ’’طیفا‘‘ کا ٹائٹل رول بھی نبھایا ہے ۔ فلم کی ڈائریکشن احسن رحیم نے دی ہے فلم میں علی ظفر،مایا علی کے علاوہ جاوید شیخ ،فیصل قریشی،محمود اسلم اور نیر اعجاز سمیت دیگر بڑے ستاروں نے اپنی اپنی انٹری زور دار طریقے سے دی ہے ۔انٹری تو ریس تھری کی بھی ہوگئی، یہاں ایک ہفتے کی پابندی کے بعد اور اب تک سلمان خان کی فلم تین دن میں 6کروڑ قریب بزنس کرچکی ہے ۔عید کے موقع پر پاکستان میں بالی وڈ کی فلموں کی ریلیز پر ایک ہفتے کے لیے پابندی لگائی گئی تھی۔اس پابندی کا یہ فائدہ ہوا کہ چار پاکستانی فلموں نے مجموعی طور پر عید اور اس کے بعد آج تک 20کروڑ کے قریب بزنس کیا ۔ہالی وڈ کی جراسک ورلڈ نے بھی اتنے ہی دنوں میں پاکستان بھر سے 11کروڑ کی کمائی کی ہے۔

 سنجو اور طیفا ان ٹربل کا بے چینی سے انتظار!!

چار پاکستانی ایک ہالی وڈ اور ایک بالی وڈ فلم یعنی چھ فلموں نے ملک بھر کے سینما گھروں سے صرف10دنوں میں 36کروڑ کے آس پاس بزنس کیا ہے ۔ان فلموں کے علاوہ انھی دنوں میں پاکستان میں اوشین ایٹ اور انکریڈیبلز 2بھی ریلیز ہوئی تھی، اس کا بزنس الگ ہے ۔ یہ بھی یاد رہے کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے سینما گھروں میں رات اور صبح اضافی شوز لگائے گئے تھے۔ یہ اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ اگر کوئی پاکستانی فلم بہت اچھی ہو ،فلم سولو ریلیز ہو،اچھی پروموشن ،اچھی اسٹار کاسٹ کے ساتھ ڈسٹری بیوشن صحیح ہو تو وہ فلم کسی بھی دن ریلیز ہو کراپنے پہلے ہی ہفتے میں 25سے 30کروڑ کا بزنس کرسکتی ہے، طیفا جس طرح ریکارڈ پر ریکارڈ توڑرہا ہے، نئے ریکارڈ بنارہا ہے ۔اس فلم سے توقعات ہے کہ یہ فلم اوپننگ پر اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دے گی۔ طیفا اِن ٹربل صرف پاکستان سے 50کروڑ کا بزنس کرنے والی فلم تاریخ کی پہلی فلم بھی بن سکتی ہے ۔اس فلم کا مقابلہ ریلیز کے پانچ دنوں بعد ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے ہوگا ۔ اگر اس فلم نے یہ چیلنج بھی جیت لیا تو بڑی عید پر ریلیز ہونے والی جوانی پھر نہیں آنی2،لوڈ ویڈنگ اور پرواز ہے جنون کا بزنس اور متاثر ہوگا۔میٹھی عید پر چار پاکستانی فلموں کی ریلیز کی وجہ سے انہی چار فلموں کا بزنس کافی متاثر ہوا ۔اگر بالی وڈ کی فلم پر عید کی ایک ہفتے کی پابندی نہیں لگتی، تو ان ساری فلموں کا بزنس اور آدھا ہوجاتا۔ ان فلموں میں سب سے اچھا بزنس ’’سات دن محبت ان‘‘ نے کیا ،اس فلم نے 10دنوں میں 10کروڑ سے زیادہ بزنس کرلیا ہے۔

 سنجو اور طیفا ان ٹربل کا بے چینی سے انتظار!!

وجود کا بزنس 4کروڑ سے زیادہ رہا,آزادی والوں کے مطابق ان کی فلم کا بزنس 6کروڑ کے آس پاس رہا۔نہ بینڈ نہ باراتی کی کمائی عید پر اچانک انٹری دینے کے باوجود اب تک صرف کروڑ سے ہی زیادہ ہوئی۔ یہاں کی بزنس کی گتھی تو تھوڑی سلجھ گئی، لیکن اُدھر ریس تھری کا بزنس معمہ بنا ہوا ہے ۔فلم ہٹ ہے یا فلاپ سب مختلف دعویٰ کر رہے ہیں۔ فلم ریس تھری اپنے دیس میں اب تک 150کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے ۔فلم کے سیٹلائٹ رائٹس بھی 120کروڑ کے فروخت ہوئے ۔ میوزک رائٹس،اوور سیز اور ڈیجیٹل رائٹس اس کے علاوہ ہیں ۔200کروڑ کی لاگت سے بننے والی ریس تھری(سلمان خان کی بطور ہیرو فیس شامل ہونے کے بعد)اب تک فلم بنانے والوں کو 100کروڑ سے زیادہ کا پراٖفٹ دے چکی ہے، لیکن فلم کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کو 15 سے 20کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔سلمان خان کی ریس تھری سے کم سے کم 250کروڑ کے بزنس کی توقعات تھی جو پوری نہیں ہوئی۔ بزنس تو دنیا بھر میں جراسک ورلڈ فالن کنگ ڈم کر رہی ہے ۔ یہ فلم اب تک 80 ارب پاکستانی روپوں کا بزنس کرچکی ہے ۔ دوسری طرف سپر ہیروز کی ایونجرز 2 بلین ڈالرز کے کلب کی ممبر بن چکی ہیں۔ ہالی وڈ کی تاریخ میں اب تک صرف چار فلمیں ہیں جو یہ سنگ میل عبور کرچکی ہیں۔ان چار فلموں میں نمبر ون اواتاردوسرے نمبر پر ٹائٹینک اور تیسرا نمبر اسٹار وارز فورس اویکن کا ہے۔ نمبرز گیم کی ہی بات ہو تو سنجو کی ریلیز سے صرف ایک ہفتے پہلے فلم کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا کا ایک انٹرویو سامنے آیا، جس میں انھوں نے انکشاف کیا کہ جب راج کمار ہیرانی نے سنجو کی کہانی سنائی تو ان کے خیال میں جو سب سے پہلے ہیرو سنجو کے روپ میں سامنے آیا، وہ رنبیر نہیں رنویر تھے ۔ اب اس میں کتنا سچ ہے کتنا جھوٹ یہ تو ودھو ونود چوپڑا خودہی بتاسکتے ہیں،لیکن یہ بات سب جانتے ہیں کہ فلم سنجو کو بنانے والے راج کمار ہیرانی کے ذہن میں ایک ہی ہیرو تھا جو سنجو کا کردار نبھاسکتا تھا اور اسکا نام رنبیر کپور ہی ہے ۔ پہلے تصویریں پھر پوسٹر،پھر ٹیزر،پھر ٹریلر اور س کے بعد گانوں میں ہر منظر میں رنبیر سنجے دت بن کر سامنے آئے ہیں۔اب فلم کی ریلیز میں کچھ ہی دن باقی ہیں دو چار روز میں رنبیر اور راج کمار ہیرانی کی محنت سب کے سامنے آجائے گی ۔

تازہ ترین
تازہ ترین