تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈلز: احسن احمد، ابراہیم بٹ،
وجاہت علی شاہ، ہاشم آفتاب
ملبوسات:وارڈ روب ڈیزائن بائے حامد سعید
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
ہمارے روایتی وثقافتی پہناوے’’شلوار قمیص‘‘ کا دَور کبھی پُرانا نہیں ہوتا کہ ایک تو اسے زیبِ تن کرکے، شخصیت بہت گریس فُل لگتی ہے۔دوم، یہ اس قدر آرام دہ، دیدہ زیب اور منفرد اندازِ زیبایش ہے کہ اس کے فیشن سے آؤٹ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کہیں پڑھا تھا کہ ’’جب برصغیر میں سکندرِ اعظم کی فوج آئی، تو اپنے ساتھ مختلف کھانے اور ملبوسات بھی لائی،جن میں نمکین گوشت اور شلوار قمیص سرِ فہرست تھے۔‘‘ابتداً تو سادہ، خالص مردانہ رنگوں ہی کے شلوار قمیص ایک طویل عرصےتک رواج میں رہے،مگر اب چوں کہ گزشتہ چند دہائیوں سے’’حقِ آرایش‘‘لڑکوں نے بھی خاصی حد تک حاصل کرلیا ہے، تو کئی مشہور و معروف برانڈز شلوار قمیص میں بھی ایک سے بڑھ کر ایک رنگ و انداز متعارف کروارہے ہیں۔
جیسا کہ اس سال سفید شلواروں، پاجاموں کے ساتھ ہلکے اور شوخ و شنگ دونوں طرح کے کُرتے،قمیصیں فیشن میں بےحد اِن ہیں۔رنگوں میں آف وائٹ،گہرا نیلا، فیروزی، عنّابی، انگوری،میجنٹا، براؤن، چاکلیٹی، بیج، فون، سُرمئی، اسکائی بلیو، ٹی پنک، زرد، سبز، ٹرکوائز، سفید اور سیاہ زیادہ پسندیدہ ہیں، تو فیبرکس میں بوسکی، لٹّھا، سِلک، آرکنڈی، کھدّر، کاٹن اور چکن وغیرہ سب ہی پسند کیے جارہے ہیں۔ نیز، سادہ کُرتوں، قمیصوں کے ساتھ کڑھت کے رنگا رنگ انداز بھی مقبولِ عام ہیں۔
تو لیجیے، اس بار ہم نے اپنی بزم سدا بہار روایتی پہناوے، شلوار قمیص اور ویسٹ کوٹس کے کچھ نفیس و دِل کش رنگ و انداز ہی سے مرصّع کی ہے۔ ذرا دیکھیے، سفید شلوار کے ساتھ، جامنی رنگ قمیص پر سیاہ ویسٹ کوٹ کس قدر گریس فُل لگ رہی ہے۔
اسی طرح نیلی قمیص کے ساتھ ڈارک بلیو ویسٹ کوٹ کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔
پھر فون رنگ پر سُرمئی ویسٹ کوٹ کی جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے، جب کہ گہرے سُرمئی رنگ لباس کے ساتھ ہلکے سُرمئی رنگ ویسٹ کوٹ کا کامبی نیشن بھی کچھ کم اچھا نہیں لگ رہا۔
ماڈلز کے ایک اور انداز میں گہری سُرمئی قمیص ہے، تو خالص مردانہ رنگ،نیلے رنگ کی قمیص بھی۔ سفید شلوار کے ساتھ سیاہ قمیص کا انتخاب ہے، تو پیور وائٹ شلوار قمیص پر سیاہ اسٹرائپڈ ویسٹ کوٹ کی جاذبیت و ہم آہنگی بھی۔ گویا یوں کہیے، ہر انداز ہی اپنی مثال آپ ہی ہے۔