میں دنیا کے بیالیس ملکوں میں گیا ہوں ـ اور جب بھی مجھے اپنا تعارف کرانے کی ضرورت پڑی تو میں نے وہاں کے لوگوں کو بڑے فخر سے بتایا کہ میں پاکستانی ہوں ـ۔
ایک دفعہ میں یونان میں ایک ریستوران میں بیٹھا کھانا کھا رہا تھا ۔میرے ساتھ والی میز پہ کچھ مقامی یونانی بیٹھے تھے ، ان میں سے ایک مجھے بڑے غور سے دیکھ رہا تھا ـ
میں بھی اس کی طرف دیکھ کر مسکرایا ۔ میرا یہ کرنا تھا کہ وہ اٹھا اور آ کر میرے سامنے والی کرسی پہ بیٹھ گیا اور آتے ہی مجھ سے پوچھا کہ کیا میں پاکستان سے ہوں؟
مجھے اس کی حرکت پر تھوڑی حیرت ضرور ہوئی، میں نےکہا، ہاں اور گفتگو جاری رکھتےہوئے اس سے پوچھا کہ وہ پاکستان اور پاکستانیوں کے بارے میں کیا جانتا ہے؟
اس نے تھوڑے توقف کے بعد کہا کہ وہ بظاہر ایک بری بات کرنے والا ہے اور مجھ سے وعدہ لیا کہ جب تک وہ اپنی بات مکمل نہ کر لے میں تحمل سے اس کی پوری بات سنوں گا۔
میں نے اس کو یقین دہانی کرائی کہ میں غصہ نہیں کروں گا ـ،پھر اس نے مجھ سے جو کہا اس نے ایک لمحے کو مجھے منجمد کر دیا ـ
"تم اپنے آقاؤں کے وفادار ہو اور اپنے لوگوں سے نفرت کرتے ہو اور آپس میں ایک دوسرے کو کاٹنے دوڑتے ہو " ،پھر اس نے تفصیل بتانا شروع کی ـ،وہ ایک بڑی کمپنی کا مینیجرہےاور اس کی کمپنی میں بہت سارے پاکستانی کام کرتے ہیں ـ،بقول اس کے اس نے کبھی کسی پاکستانی سے پاکستان کے بارے میں یا دوسرے پاکستانیوں کے بارے میں اچھی بات نہیں سنی، ـ مگر وہی پاکستانی اس کی کمپنی میں کام کرنے والے یورپین لوگوں سے بڑے اخلاق سے پیش آتے ہیں، ـ ہمیشہ اُن کی خوب تعریفیں کرتے ہیں ـ
وہ پاکستان جائے بغیر پاکستان کی تمام خامیوں سے واقف ہے کیونکہ وہ ٹی وی اور میڈیا پرہمیشہ پاکستان کی برائیاں سنتا ہے، اگرچہ اس کا ذہن نہیں مانتا کہ اتنے بڑے ملک میں کوئی اچھائی نہیں، مگر ـ ساتھ کام کرنے والے پاکستانی کبھی پاکستان کے وقار کا دفاع نہیں کرتے ـ۔وہ بولتا رہا ـ میں سنتا رہا ـ اس نے کہا، کہ اس کے ملک یونان میں بھی بہت خرابیاں ہیں، مگر یونانی ہونے کے ناطے وہ کبھی اپنے ملک کی برائیوں کی تشہیر نہیں کرتا اور اگر کوئی یونان کی برائی کرے تو وہ دلائل کے ذریعے اپنے ملکی وقار کا دفاع کرتا ہے ـ اور اگر ایسا نہ کر سکے تو کم از کم ہاں میں ہاں ملانے سے گریز کرتا ہے ـ
میرا سر شرم سے جھک گیا اور میں نے اس کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا اور مجھے نہیں معلوم وہ کب میرے سامنے والی کرسی سے اُٹھ کرچلا گیا۔ـ
( ایک پاکستانی ،نوید)