خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے بیمارمرغیوں سے بھری گاڑی تحویل میں لے لی، جس کے بعدمرغیوں کو تلف کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مرغیوں کو وائرل انفیکشن تھا، جنہیں تلف کردیاگیا ہے ،ایک ماہ کے دوران فوڈاتھارٹی کی بیمار مرغیاں سپلائی کرنے والوں کے خلاف یہ چھٹی بڑی کارروائی ہے۔
خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے ایبٹ آباد کے علاوہ پشاور اور بنوں میں بھی کارروائی کی جس کے دوران غیر معیاری نمکو تلف کردی اور اشیائے خوردونوش کے تین پوائنٹس سیل کردیئے۔
ترجمان کے مطابق جھگڑا میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 1500 کلو گرام غیر معیاری نمکو برآمد کرلیا گیا۔
ابیٹ آباد میں اشیائے خوردو نوش کے تین پوانٹس سیل کردیئے گئے جبکہ بنوں میں بھی حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بیکری سیل کردی گئی۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں اب چھابڑی لگانے والوں سمیت فوڈ انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد کو لائسنس لینا پڑے گا۔
کے پی فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کے کاروبار سے منسلک تمام افراد کےلئے لائسنس کو لازمی قراردے دیا ہے۔
جس کے بعد کھانے پینے کی اشیاء چاہے چھابڑی پر فروخت ہوتی ہوں یا جنرل اسٹور میں، فائیو اسٹار ہوٹل ہو یا فاسٹ فوڈ شاپس، انڈسٹری چھوٹی ہو یا بڑی، اب سب کوخیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی سے لائسنس لینا ہوگا۔
اشیائے خوردونوش کا کاروبار کرنے والوں کو لائسنس کے حصول کے لیے6ماہ کی مہلت دی گئی ہے، مقررہ مدت کے بعد لائسنس نہ ہونے کی صورت میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کے پی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اب تک تین سو لائسنس جاری کئے جاچکے ہیں۔
لائسنس کے فارمز کے پی فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جنہیں پشاور کے مرکزی دفتر میں جمع کراناہوگا جبکہ لائسنس کا اجراء ایک ماہ میں یقینی بنایا جائےگا، جس کی فیس پانچ سو سے لے کر 50 ہزار روپے تک ہے۔