سارے دن میں کچھ نہ کچھ کھاتے رہنا انسان کی روٹین میں شامل ہے، شام میں ہلکا پلکا کھانے کی طلب کو پورا کرنے کے لیے وہ ایسی اشیاء کھا لیتے ہیں جو ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں ان میں ’آلو کے چپس، کچوریاں، سموسے، رول‘ وغیرہ شامل ہیں، یہ تمام چیزیں کبھی کبھار تو کھا لی جاتی ہیں مگر ان کا روزمرہ میں استعمال نہ صرف صحت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ ان سے وزن بھی بڑھتا ہے۔
’’چنے‘‘ فائبر اور پروٹین سے بھرپور ایک نشاستہ دار غذا ہے جس کا استعمال صبح شام بھی کیا جائے تو اس کے نقصان نہیں ہیں بلکہ فائدے ہیں۔ پروٹین سے بھرپور چنوں کو ’’گوشت کا متبادل‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ان کا استعمال انسانی جسم کو گوشت کے برابر غذائیت فراہم کرتا ہے۔
ماہر غذائیت اور مشہور مصنف ’لک کوٹنھو‘ کا کہنا ہے کہ بھنے ہوئے چنےیا بھنے ہوئے چھولے ایک صحت مند جسم کے لیے نہایت مفید ہیں۔ انہوں نےبتایاکہ چنے اور چھولے نہ صرف بھوک کو مٹاتے ہیں بلکہ انسانی جسم کو اہم غذائی اجزا فراہم کرنے میںبھی مدد دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شام کے وقت اکثر انسان کو بھوک لگتی ہے کیونکہ دن کے اس وقت توانائی کی سطح نیچے آنے لگتی ہے اور انسان کو بھوک محسوس ہوتی ہے لہذا وہ کسی ایسی چیز کو کھانے کی تلاش کرتا ہے جو بھوک مٹانے کے ساتھ ہی جسم کو توانائی بھی فراہم کرےایسے میں لوگ ’چائے یا کافی‘ پینا پسند کرتے ہیں۔
لک کوٹنھو نے بھارتی اخبار سے گفتگو میں بتایا کہ بھنے ہوئے چنوں کا استعمال بے وقت بھوک میں بہت فائدہ مند ہے کیونکہ ان میں فائبر اور پروٹین کثیرتعدادمیں موجود ہےاور ان میں کیلوریزبھی بہت کم ہوتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چنوں کااستعمال بغیر نمک کے زیادہ فائدہ پہنچاتا ہے بہ نسبت نمکین چنوں کے۔
دوسری جانب شوگر کے مریضوں کے لیے چنوں کا استعمال بے حد فائدہ مند ہے، چنے کھانے کے بعد کافی دیر تک بھوک نہیں لگتی جو کہ وزن کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔ چنے جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں اور اس کے علاوہ یہ نظام ہضم کے لیے بھی مفید ہے۔
ماہر غذائیت لک کوٹنھو کے مطابق چنوں کو صبح نہار منہ اور رات کو سونے سے پہلے کھانا نہایت فائدہ مند ہے جبکہ شام کے وقت بھی ان کو کھایا جاسکتا ہے۔ چنے کے بے شمار فوائد کے علاوہ اس کی خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ آسانی سے اور نہایت کم پیسوں میں خریدے جاسکتے ہیں۔