جگر خون کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ جسم میں تقریباً 500دیگر اہم کام بھی انجام دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جگر کی سوجن سے انسان کی صحت بُری طرح متاثر ہوتی ہے۔ جگر کی سوجن کو ہیپاٹائٹس کہتے ہیں۔ عام طور پر یہ بیماری وائرس کے ذریعے لگتی ہے۔ سائنسدانوں نے پانچ ایسے وائرس دریافت کئے ہیں، جن سے یہ بیماری لگ سکتی ہے اور اُن کا خیال ہے کہ مزید تین وائرس موجود ہیں جو اِس بیماری کا سبب بن سکتے ہیں۔ اکثر حالتوں میں وائرس جب جسم میں داخل ہوتا ہے تو جسم کا دفاعی نظام خود ہی اس کا مقابلہ کرتا ہے اور اکثر لوگ خود بخود ٹھیک ہو جاتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں، جن کا دفاعی نظام کسی وجہ سے ان جراثیم کا مقابلہ نہیں کر پاتا۔ ابتدائی طور پر اس بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی اور جب علامات ظاہر ہوتی ہیں تو بیماری کافی آگےبڑھ چکی ہوتی ہے۔
جگر کی خرابی کی علامات
یہاں ہم آپ کو ان علامات کے بارے میں بتا رہے ہیں، جو جگر کی خرابی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کا سامنا ہے تو آپ کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔
٭وزن میں اچانک کمی
٭بھوک ختم ہوجانا
٭غنودگی، چکر آنا اور متلی کا احساس
٭ہر وقت تھکاوٹ کا احساس
٭پیٹ کے اوپری حصے میں تکلیف محسوس ہونا
جگر کے امراض سے حفاظت
جگر کو مختلف امراض اور مسائل سے بچانے کیلئےصحت مند طرز زندگی کو اپنانا چاہیے۔ گوشت، پھل، سبزی، اور ڈیری غذائیں متوازن طریقے سے کھائی جائیں تاکہ جسم کی تمام غذائی ضروریات پوری ہوں۔ خون کی منتقلی کے دوران نہایت احتیاط برتی جائے ورنہ یہ ہیپاٹائٹس جیسی بیماری کا سبب بن سکتی ہے۔ جسمانی صفائی کا خیال رکھا جائے۔ گھر سے دور ہوں تو نلکے کا پانی پینے سے گریز کریں۔ تمباکو نوشی، شراب نوشی اور دیگر اقسام کی منشیات سے گریز کیا جائے۔ ورزش کو زندگی کا معمول بنایا جائے۔ اس کے علاوہ درج ذیل امورپر بھی عمل کیا جائے۔
پرسکون رہیں
اپنے تناؤ پر قابو پانا بہت ضروری ہوتا ہے، جب آپ تناؤ کے شکار ہوتے ہیں تو جسم میں ایک ہارمون ’اڈرینالین‘ کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جسے صاف کرنے کے لیے جگر کو بہت زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔
مناسب نیندلیں
روزانہ7گھنٹے کی نیند کو یقینی بنائیں کیونکہ جگر کو اس وقفے کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے، جو اسے امراض سے بچاتی ہے۔
حرکت میں رہیں
اگر آپ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو جگر بڑھنے یا اسے متاثر کرنے والےامراض کا سامنا کرنے کے لیے آپ کو تیار رہنا چاہیے۔ اس کے مقابلے میں جسمانی طور پر متحرک رہنا، جیسے روزانہ کم از کم10ہزار قدم چلنا، جگر کے امراض کا خطرہ20فیصد تک کم کردیتا ہے۔
زیادہ پانی پینا
جسم میں پانی کی کمی مختلف مسائل کا سبب بنتی ہے، جن میں جگر کے افعال بھی شامل ہیں۔ روزانہ8سے10گلاس پانی کا استعمال جگر کی صفائی کے عمل کو بہتر بناتا ہے، جو کہ اسے امراض سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
صحت بخش غذاکا استعمال
جنک فوڈ کا کم استعمال اور اومیگا تھری ایسڈز سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ استعمال جگر کی صحت کے لیے ضروری ہے۔ جنک فوڈ میں موجود چربی جگر پر جم جاتی ہے، جو سوجن اور دیگر عوارض کا باعث بنتی ہے جبکہ جسم کے لیے مناسب چربی اس سوجن کے خلاف جدوجہد کرتی ہے۔
اجناس کا استعمال
چینی، سفید آٹے اور پروسیسڈ فوڈ کا استعمال کم کریں اور سبزیوں، پھلوں اور اجناس کو ان کی جگہ ترجیح دیں۔ یہ غذائیں موٹاپے اور ذیابطیس سمیت مختلف امراض سے آپ کو تحفظ فراہم کرتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جگر کو بھی صحت مند رکھتی ہیں۔
جگر کو خرابی سے بچانے والی غذائیں
لہسن، چقندر، سبز چائے، لیموں، ہلدی اور اخروٹ جیسی غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال آپ کے جگر کو مختلف بیماریوں سے بچا کر انہیں صحت مند اور فعال رکھتا ہے۔ ان تمام غذاؤں میں موجود اجزاء بشمول وٹامن سی، فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور انزائم وغیرہ جگر کی صفائی کر کے اس کی کارکردگی میں اضافہ کرتے اور مختلف خرابیوں سے بچاتے ہیں۔
صحت مند زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے کہ روزانہ ورزش کرنے کو اپنا معمول بنایا جائے اور ساتھ میں صحت مند غذائیں کھائی جائیں ۔ تاکہ آپ کی جسمانی ضروریات پوری ہو سکیں ۔