زیتون اور زیتون کے تیل کا شماربے انتہا فوائد رکھنے والی غذائی اشیا میں ہوتا ہے۔ زیتون کے تیل کو پکانے کے علاوہ کاسمیٹکس، دواؤں اور صابن وغیرہ بنانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ حسن و خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ زیتون کا تیل آپ کو کیا کیا فوائد پہنچا سکتا ہے۔
جِلد کی خوبصورتی میں معاون
زیتون کے تیل میں موجود وٹامن ای اور پولی فینولز جِلد کو خوبصورت بناتے ہیں۔ روزانہ چہرے پر اس کا مساج کرنا جِلد کو جھریوں، جھائیوں اور داغ دھبوں سے نجات دیتا ہے۔ زیتون کا تیل ناخنوں کے لیے بھی بے انتہا مفید ہے۔
بہترین موئسچرائزر
زیتون کا تیل جِلد کے لیے بہترین موئسچرائزر ہے۔ یہ جِلد کو اس کی مطلوبہ نمی فراہم کرتا ہے۔ زیتون کا تیل جِلد کے خلیات کو بند نہیں کرتا، جس کے باعث ان کو آکسیجن ملتی رہتی ہے۔
الزائمر سے تحفظ
ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود ایک مرکب اولیو سینتھل یادداشت کو بہتر بناتا ہے اور یادداشت کی خرابی، جیسے الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے امراض سے روکتا ہے۔
بالوں کے لیے بہترین
آپ کے بالوں کی صحت کے لیے سب سے بہترین چیز زیتون کا تیل ہے۔ یہ آپ کے بالوں کی بے رونقی اور خشکی کو ختم کر کے انہیں جاندار اور لچکدار بناتا ہے۔ یہ مفید غذائی عناصر، فیٹی ایسڈز، وٹامنز، اینٹی آکسیڈنٹس اور مونو سیچوریٹڈ فیٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو بالوں کو نرم اور نم رکھتے ہیں۔
قبض سے بچاؤ
زیتون کا تیل ہاضمے کے عمل اور قولون کی حرکت کو تقویت دیتا اور قبض سے بچاتا ہے۔
جگر کی صفائی
زیتون کے تیل کے ذریعے جگر کو مختلف نوعیت کے زہر سے صاف رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ زیتون کے تیل کے دو چمچے لیموں کے رس میں ملا کر استعمال کر سکتے ہیں۔
وزن کو کم کرنا
زیتون کا تیل فیٹی ایسڈز کی بڑی مقدار پر مشتمل ہوتا ہے، جس کا شمار فائدے کے لحاظ سے بہترین روغنیات میں ہوتا ہے۔ یہ انسان کو سیرابی کا احساس بھی دیتے ہیں۔ زیتون کے تیل کو مکھن کا بہترین نعم البدل سمجھا جاتا ہے۔
مدافعتی نظام کی تقویت
فیٹی ایسڈز انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح بیماریوں اور امراض کے خلاف جسم کی مزاحمتی قدرت میں اضافہ ہوتا ہے۔
دل کی حفاظت
انسانی جسم میں صحت بخش کولیسٹرول میں اضافے کے لیے زیتون کا تیل انتہائی مفید ہے۔ دل اور خون کی شریانوں کے حوالے سے اس کے بے شمار فوائد ہیں۔ زیتون کا تیل نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کم بھی کرتا ہے۔
سوزش میں کمی
زیتون کا تیل سوزش کے خلاف اپنے فوائد کے سبب بھی جانا جاتا ہے۔ طبی تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ 3 سے 4 چمچ زیتون کا تیل و ہی اثر کرتا ہے جودرد والی دوا کا ہوتا ہے۔
خون میں شوگر کی سطح پر کنٹرول
زیتون کا تیل خون میں شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسی وجہ سے ڈاکٹر حضرات ذیابطیس کے مریضوں کو زیتون کے تیل کے استعمال کی ہدایت کرتے ہیں۔
دماغ کی حفاظت
زیتون کا تیل انسانی دماغ کو صحت مند بناتا ہے۔ یہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ عقل کی ادراکی قوت کو بگڑنے سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ یادداشت کو مضبوط بناتا اور ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات کو کم کر تاہے۔
فالج ،جوڑوں کے درد میں کمی
زیتون کے تیل کی مالش فالج، گنٹھیا ، خارش، جوڑوں کے نئے اور پرانے درد کے لئے مفید ہے۔ سر میں پیدا ہونے والی خشکی اور گنج پن کے خاتمے کے لئے بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔
تیل اور لیموں کا استعمال
زیتون کا تیل اور لیموں، دونوں ہی صحت بخش غذائیں ہیں لیکن ان دونوں کو ملا کر ایک ایسا شاندار قدرتی نسخہ بنایا جاسکتا ہے کہ جس کے فوائد آپ کو حیران کردیں گے۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کا ناخنوں کا مسئلہ درپیش ہے یا آپ انہیں مزید صحتمند اور چمکدار بنانا چاہتے ہیں تو سونے سے قبل یہ آمیزہ دس منٹ کیلئے ناخنوں پر لگائیں۔
اگر آپ اپنے بالوں کو چمکدار او رمضبوط بنانا چاہتے ہیں اور خشکی سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے بھی یہ نسخہ لاجواب ہے۔ زیتون کے تیل کی مالش عام تیل کی طرح اپنے بالوں میں کریں اور پھر نتائج دیکھیں۔
اگر آپ کو بدہضمی اور پیٹ میں گیس کی شکایت رہتی ہے تو ایسی صورت میں بھی لیموں اور زیتون کے تیل کا نسخہ انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔
جوڑوں کے درد سے نجات کے لئے بھی اسےاستعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس قدرتی نسخے میں اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں اور یہ آنتوں کی تنگی اور بندش بھی دور کرتا ہے۔
زیتون کا تیل نقصان دہ کولیسٹرول کا لیول کم کرنے اور دوران خون کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ لیموں میں اندرونی سوزش کو دور کرنے والے اجزاء پائے جاتے ہیں۔ یہ خوبیاں خون اور دل کی صحت کے لئے بہت مفید ہیں۔