• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی فاسٹ بولر حارث روف سے لارا اور جے وردھنے متاثر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق بیٹسمین برائن لارا اور سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے حیران ہیں کہ پاکستان میں حارث روف کی شکل میں ایک ایسا غیر معمولی صلاحیتوں والا فاسٹ بولر موجود ہے جس نے ابوظہبی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ میں اپنی بولنگ سے سب کو حیران کردیا ۔ لارا اور جے وردھنے کا ماننا ہے کہ حارث اور شاہین شاہ آفریدی جیسے بولروں نے لاہور قلندر کو ٹورنامنٹ جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر بریڈ ہاج کا کہنا ہے کہ حارث کا تعلق اسلام آباد سے ہے اور ایک سال پہلے یہ بولر ٹیپ ٹینس بال سے بولنگ کرتا تھا لیکن ایک سال میں حارث نےہارڈ بال سے بولنگ شروع کی۔اس گیند سے بھی وہ 145کی رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔برائن لارا نےکہا کہ حارث نے اگر اسیرفتار سے بولنگ جاری رکھی تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ ورلڈ کلاس بولروں کی صف میں شامل ہوجائے۔حارث روف کےچار اوورز کے اسپیل کی وجہ سے ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے جیت لیا۔ فائنل میں لاہور قلندرز نےجنوبی افریقا ملٹی پلائی ٹائٹنز کو 15 رنز سے ہرایا۔ٹائیٹنز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے تین کھلاڑی موجود تھے۔لارا نے کہا کہ میچ کے آخری اوور میں حارث نے کسی دباو کے بغیر بولنگ کی۔لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف کا کہنا ہے کہ حارث ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔ہم نے اس کا ٹیلنٹ دیکھتے ہوئے اسے دس سال کا معاہدہ دیا۔گذشتہ سال حارث کو آسٹریلای بھیجا۔وہ پریکٹس میں145 سے150کی رفتار سے بولنگ کرتا ہے۔عاقب جاوید ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

تازہ ترین