• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوری تک اڑھائی لاکھ افراد ہیلتھ کارڈز سے مستفید ہونگے،عامر کیانی

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ) وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ جنوری تک اڑھائی لاکھ افراد ہیلتھ کارڈز سے مستفید ہونا شروع ہو جائیں گے ۔اْنہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز )میں مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر صحت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پمز میں خواجہ سرائوں کے علاج کیلئے دو الگ کمرے مختص کر دیئے گئے ہیں جن میں الگ ڈاکٹرز بھی تعینات ہو نگے، امراض قلب میں ایمرجنسی کا قیام،مریضوں کے رش کو کم کرنے کے لئے کمپیوٹرائزڈ مشینیں نصب کر دی گئیں ہیں، ایمرجنسی کے باہر مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا اور کینٹین بنائی گئی۔ مریضوں کو سکیورٹی کے انتظامات کے پیش نظر تمام واڑز میں ڈیجیٹل تالے لگا دیئے گئے ہیں۔امراض کے شعبوں میں نیو کلئیر کارڈیالوجی کا بھی اجرا کر دیا گیا ہے۔ گردے کے مریضوں کے ڈائیلائسیز کے لئے نئی مشینیں فراہم کی گئیں ہیں۔ کڈنی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کا اجرا کیا گیا۔
تازہ ترین