• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی کاتالونیا کی ترقی میں کردار ادا کرے،اسیدرے سالاکیرالت

بارسلونا(جواد چیمہ) ڈائریکٹر جنرل کثیر الثقافتی یورپین افیئر اسیدرے سالاکیرالت نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو کاتالونیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوہسر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے آپسی تعلقات اور کاتالونیا میں مقیم پاکستانیوں کے مقامی سیاست میں شامل ہونے اور یورپی یونین میں مسئلہ کشمیر پر کاتالونیا کے موقف کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ پاکستان کاتالونیا کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تجارت میں ہونے والی پیش رفت مزید قریب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارسلونا ایک سیاحتی شہر ہے اور پاکستان سیاحت میں بہترین اقدامات کررہا ہے اس طرح دونوں کو مل کر سیاحت کے فروغ اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب کرنے کے مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر پر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کریں اور دیکھیں کہ کشمیر کیا ہے اور اسی طرح بھارت سے بھی مطالبہ کریں کہ وہ بھی آپ کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرائے تاکہ آپ دونوں کو دیکھ کر اچھے منصف کا کردار ادا کرسکیں۔ اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فوج کے ظلم وستم سے نجات مل سکے۔چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے مزید کہا کہ اسپین میں ہونے والے بلدیاتی اور قومی انتخابات میں مقامی سیاسی جماعتوں‌کی جانب سے پاکستانیوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے جو پاکستانیوں کی ایک بڑی عددی طاقت کا برملا اظہار ہے۔ڈائریکٹر جنرل کثیرالثقافتی یورپین افیئراسیدرے سالا کیرالت نے کہا کہ مجھے اچھا لگا کہ آپ لوگ ملاقات کے لئے آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کاتالونیا میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے اور کاتالونیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مقامی سیاسی جماعتیں بھی ان کی جانب متوجہ ہیں۔ اور انہیں کاتالونیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔مسئلہ کشمیر پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس پر آواز آٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کشمیر کی دعوت پر مشاورت کروں گا۔ ڈائریکٹر جنرل کثیرالثقافتی یورپین افیئراسیدرے سالا کیرالت نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ رابطہ میں رہیں تاکہ ایک دوسرے کے خیالات کو جان سکیں اور بہتری کا راستہ نکال سکیں۔ اس موقع پرکامران خان، یاسر ادریس اور چوہدری نعمان علی بھی موجود تھے۔
تازہ ترین