• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں شکست تسلیم کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ عوام نے اپنا واضح فیصلہ سنادیا، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ بھارتی جنتا مالک ہے، وہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔

راہول گاندھی نے امیٹھی کے حلقے سے بھی شکست تسلیم کرلی ہے اور بی جے پی کی حریف امیدوار سمرتی ایرانی کو جیت پر مبارکباد دی ہے۔

بھارتی لوک سبھا انتخابات کے اب تک کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق بی جے پی اور اتحادیوں کو واضح برتری حاصل ہے، بی جے پی اور اتحادیوں کو 542 رکنی لوک سبھا میں 339نشستوں پر برتری حاصل ہے، کانگریس اتحاد یونائیٹڈ پروگریسیوالائنس کو 97نشستوں پر برتری ہے۔

انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔

نریندر مودی نے کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک بار پھر جیت گیا،ہم مل کر آگے بڑھیں گے، مضبوط اورمتحد بھارت کی تعمیرکرینگے۔

بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی واضح برتری پر عالمی رہنماؤں نے بھی مودی کو مبارکباد دی ہے۔ چین، روس، افغانستان، سری لنکا، اسرائیل، جاپان اور نیپال کے سربراہان نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔

تازہ ترین