• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری، 20 جون تک موسم گرم رہے گا

کراچی(سید محمد عسکری) کراچی میں 20 جون تک موسم گرم رہے گا تاہم درجہ حرارت 40 سے کم رہے گا، جبکہ مون سون کی بارشیں معمول سے کم ہوں گی،کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، شہری عید کے تیسرے روز بھی دن کے اوقات میں اپنے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے۔کراچی اور گرد و نواح میں گرمی کی شدت نے عید الفطر کے تیسرے دن بھی اپنا جلوہ دکھائےرکھا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنے اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس کی گئی تاہم سمندری ہواؤں کے باعث موسم شہریوں کیلئے کسی حد تک قابل قبول رہا۔ شدید گرمی کی وجہ سے شہری دن کے اوقات میں بھی گھروں پر ہی ملاقات کرنے اور دعوتوں میں مشغول رہے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق 20 جون تک موسم گرم رہے مگر درجہ حرارت 40 سے کم ہی رہے گا زیادہ توقع 36 سے لے کر 38 تک رہے گا تاہم 20 جون کے بعد موسم بہتر ہونا شروع ہوجائے گا کیوں کہ کراچی میں بادل آنا اور ہلکی پھوار پڑنا شروع ہوجائے گی۔ چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق مون سون کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا تاہم کراچی میں بارشیں معمول سے کم ہی ہوں گی گزشتہ سال مون سون کے دوران کراچی میں ایک ملی میٹر بھی بارش نہیں ہوئی تھی لیکن اس سال کچھ بارش ہونے کے امکانات ہیں مگر زیادہ نہیں، انہوں نے بتایا کہ عید کے تینوں دن گرم گزرے اور درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے آگے بڑھ گیا تاہم سنیچر کو درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین