برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں 43واں سالانہ عید میلاد النبیﷺ نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر جمعیت تبلیغ الاسلام بریڈفورڈ سینٹرل مسجد ویسٹ گیٹ میں عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد ہوا، جس میں علماء کرام اور مشائخ عظام نے خصوصی شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی سے ہوا۔ نعت خواں حضرات حافظ طاہر قادری، حافظ عبدالقادر نوشاہی، قاری عیسیٰ خان نوشاہی، حمزہ خان نوشاہی اور اسماعیل حسین نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
جلسہ اور جلوس کی صدارت حضرت صاحبزادہ پیر سید محمد احسن شاہ شرافت نوشاہی اور حضرت صاحبزادہ پیر سید محمد حسن شاہ نوشاہی نے فرمائی۔
نوجوان اسکالر صاحبزادہ اسرار الحق اویسی، مفتی انصر القادری، مفتی فضل احمد قادری، علامہ محمد حنیف ساقی، علامہ عمر حیات قادری، مفتی بشیر احمد طائر، علامہ عرفانی، مفتی جمیل احمد، علامہ لیاقت حسین ازہری، مفتی عبدالسّمیع، مفتی واجد اقبال سمیت برطانیہ بھر سے آئے ہوئے علماء کرام نے ایمان افروز خطابات کیے۔
علماء نے اپنی تقاریر میں سیرتِ طیبہﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو حضور اکرمﷺ کی اسوہ حسنہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں شام چار بجے عظیم الشان جلوس میلاد مصطفیٰﷺ کا آغاز جمعیت تبلیغ الاسلام ویسٹ گیٹ مسجد سے ہوا، جس کے انعقاد میں الجامعہ صفتہ الاسلام کے امیر فضیلت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی اور بریڈفورڈ کی دیگر مساجد نے خصوصی تعاون کیا۔ جلوس میں ہزاروں عاشقانِ رسولﷺ شریک ہوئے اور فضاء درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھی۔ جلوس مختلف شاہراہوں سے گزرتا ہوا وکٹر اسٹریٹ مسجد پر اختتام پذیر ہوا۔
راستے میں جگہ جگہ مقامی کمیونٹی کی جانب سے نیاز اور لنگر کا انتظام کیا گیا، جبکہ پولیس اور جمعیت کے رضاکاروں نے نظم و ضبط قائم رکھنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
جلوس کے بعد رات گئے تک میلاد مصطفیٰﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں برطانیہ بھر سے علماء کرام اور نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ نعتوں اور ایمان افروز خطابات سے محفل کا روحانی رنگ مزید دوبالا ہو گیا۔ علماء نے کہا کہ میلاد النبیﷺ ایمان کی تجدید اور عشقِ رسولﷺ کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔