• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن داوڑ پر الزام ہے تو ٹرائل کیا جائے،قمرزمان کائرہ

لاہور،فیصل آباد،چنیوٹ(اپنے نامہ نگارسے،نمائندگان جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ محسن داوڑ پر الزام ہے تو ٹرائل کیا جائے،’’ قدم بڑھاؤعمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘بلاول کی پیشکش کو غلط رنگ دیا گیا،حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا چاہیے اور غداریوں کے سرٹیفکیٹ بانٹنا درست نہیں،محسن داوڑ اور قاضی فائز عیسیٰ کے میڈیا ٹرائل کے بجائے قانونی راستہ اختیار کیا جائے کیونکہ کسی کیخلاف غداری کے ثبوت ہیں تو عدالت ہی بہتر راستہ ہے ایک منٹ میں غداری کا لیبل لگادینا درست عمل نہیں ہے،فاطمہ جناح سے بلاول بھٹو تک سب کو غدار وطن کے القاب سے نوازا گیا ہے اور جسے آج غدار کہا جا رہا ہے اسی کے کہنے پر بل پاس کیا گیا تب پتہ نہیں چلا کہ محسن داوڑ غدار ہے؟اب ان پر غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈنگ کا الزام ہے،محسن داوڑ پر الزامات ہیں تو عدالتی ٹرائل کیا جائےاور باقی ایشوز کی طرح قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے میں بھی سب درست نہیں ہو رہا اور افواج پاکستان کو ضرورت کیمطابق بجٹ ملنا چاہیے اور آرمی کے بجٹ میں کٹوتی اچھا عمل ہے لیکن یہ عالمی اداروں کی شرائط کی وجہ سے ہوا ہے،گالم گلوچ کی سیاست کو ختم ہونا چاہیے ہم حکومت کو درست سمت لے جانے کے لیے ہر اقدام کریں گے غریب کی بجائے امیر آدمی پر ٹیکس لگایا جائے آئندہ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دیا جائے ۔نمائندےعوام کے ووٹ سے ایوان میں آئے ہیں،ملکی معیشت تاریخ کی بد ترین سطح پر پہنچ گئی، ہسپتالوں میں دوائیں نایاب، مہنگائی عروج پر کر کے واقعتاً غربت نہیں غریب مارنے کی پالیسیوں پر کام کیا جا رہا ہے،اپوزیشن حکومت گرانا نہیں چاہتی ،عوام کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بننے والی پالیسیوں کی وجہ سے حکومت کے خلاف ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے انٹرچینج کمال پورپر چنیوٹ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کیا۔پیپلز پارٹی کے صوبائی پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ نے قمر الزمان کائرہ کا انٹرچینج پر استقبال کیا۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ بلاول نے آغاز میں ہی کہا تھا قدم بڑھاؤ عمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں،ملکی معیشت میں بہتری عوامی مسائل کے حل میں حکومت سے تعاون کرنے کی پیشکش کی مگر ہماری پیشکش کو غلط رنگ دیا گیا، کہا گیا کوئی رعایت، کوئی این آر او چاہتے ہیں،حکومت کی سمت درست کرنے کیلئے تحریک شروع کی ہے،اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھی احتجاج کریں گے پھر تحریک کیا رخ اختیار کرتی ہےوقت طے کرے گا اورمیاں شہبازشریف اپوزیشن کی تحریک کی سربراہی کریں گے،بھٹو کی شہادت سے لیکر اب تک پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کو ششیں کی جارہی ہیں،آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو اس طرح سیاست سے آؤٹ نہیں کیا جا سکے گا،آئندہ بجٹ میں عام آدمی پر مزید بجلی گرے گی،جو روٹی کمانے سے تنگ ہیں وہ بجلی بلوں میں اضافہ کیسے برداشت کریں ؟ حکومت ہر معاملے میں یوٹرن لے رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف کی وطن واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شہبازشریف ملک واپس آنا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ساری دنیا کے اداروں کیمطابق ملک کے حالات بہت خراب ہیں اور حکومت کو یا تو راہ راست پر لائیں گے یا پھر چلتا کریں گے اور بجٹ میں اگر طاقتور کو چھوڑ کر صرف غریبوں کو پیسا گیا تو شدید احتجاج کریں گے۔
تازہ ترین