• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبھی کبھی دل چاہتا ہے کہ کوئی چٹ پٹی چیز کھائی جائے ،پھر سوا ل سامنے آکھڑا ہوتا ہے کہ کیا پکایا جائے اور خواتین کے لیے تو یہ روز کامسئلہ ہے، ہم آپ کی پریشانی دور کیے دیتے ہیں، آج آپ بے فکر ہوجائیں ،پکوان کارنر میں موسم کی مناسبت سے مزے دار کھانوں کی تراکیب حاضرِ خدمت ہیں۔

فرائی بینگن (کرنچی اور چٹ پٹے)

اجزاء:بینگن لمبے والے آدھا کلو (یا جتنے آپ تلنا چاہیں)،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ (یا حسب ذائقہ)،پسا ہوا دھنیا دو کھانے کے چمچے، امچور ایک کھانے کا چمچ (امچور نہ ملے تو چاٹ مسالہ تھوڑا زیادہ کردیں)،پساگرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،تیل تلنے کے لئے اتنا کہ بینگن فرائی کے دوران ڈوب جائیں۔

ترکیب: بینگن کو بیچ سے اس طرح کاٹ لیںکے اس کا ڈنڈی جُڑی رہے ۔ چارٹکرے کرلیں۔اب ایک برتن میں پانی میں نمک اور سرکہ ملا کر ان تمام کٹے ہوئے بینگن کو اچھی طرح دھوئیں۔ ا س طرح اس کی کڑواہٹ دور ہوجائےگی اور اور اضافی بیج بھی نکل جائیں اور پھر کسی جالی کی ٹوکری میں رکھیں تاکہ پانی اچھی طرح نکل جائے۔اب تمام مسالہ مکس کرکے ان تمام بینگنوں پر اپنے ہاتھ سے اچھی طرح مل کرلگائیں۔ احتیاط کریں کے بینگن نہ ٹوٹیں- اب کڑاہی میں تیل ڈال کر اچھی طرح گرم کرلیں۔- دو دو یا تین تین بینگن کڑاہی میں تلیں جب ایک طرف سے سرخ ہوں تو چمٹے کی مدد سے پلٹیں اور دوسری طرف بھی سرخ ہونے دیں۔ پھر اخبار پر بچھا دیں جب ڈرائی ہوجائیں تو پھرپلیٹ میں سلاد کے پتے بچھاکر بیگن ترتیب سے رکھیں اور ان پر لیموں کا رس، ہرا دھنیا کٹا اور کٹی ہوئی ہری مرچ سے سجا کر اور چاہیں تو دہی کے رائتے کے ساتھ تناول فرمائیں۔ مزے دارکرارے چٹ پٹے بیگن تیارہیں۔

مسالہ بھرے کریلے

کریلے چھ عدد،ہلدی ایک چائے کا چمچ (کریلوں پر لگانے کے لئے)،گڑ ایک کھانے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،تیل ایک پیالی،پیاز چار عدد (باریک کٹی ہوئی)،ہلدی ایک چائے کا چمچ،پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ،املی حسب ذائقہ،سونف آدھا کھانے کا چمچ، کلونجی ایک چائے کا چمچ،ہری مرچ چار عدد،کڑی پتے چھ سے سات عدد،ادرک لہسن پسا ہواایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب: پہلے کریلے چھیل کر چیرا لگائیں اور بیج نکال کر دھوئے بغیر ان پر ہلدی، تھوڑا سا گڑ اور تھوڑا نمک لگا کر بیس منٹ کے لیے رکھ دیں،پھر دھولیں، اس طرح کڑواہٹ ختم ہوجائے گی۔ اب دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز ہلکی گلابی کریں، پھر اس میں ہلدی، پسی لال مرچ،املی، سونف، کلونجی اور ادرک لہسن شامل کرکے ہلکا سا بھونیں اور اتارلیں۔ اب اسے ٹھنڈا کرکے کریلوں میں بھریں اور دھاگے سے باندھ کر فرائی پین میں ہلکا ہلکاتل لیں۔ اس کے بعد کریلے بچی ہوئی پیاز، گڑ، ہری مرچ، کڑی پتے اور نمک شامل کرکے ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ دس منٹ بعد مزے دارمسالہ بھرے کریلے گرم گرم چپاتی کے ساتھ کھائیں۔

بند گوبھی کی بھجیا

بند گوبھی ایک عدددرمیانی باریک کٹی ہوئی ، الو دو عدد باریک کٹے ہوئے،(گاجرایک عددرمیانی لمبائی میں کاٹ لیں،(ہری مرچ دو سے تین عددباریک کٹی ہوئی،گھی ایک چوتھائی پیالی،(ادرک ایک درمیانہ ٹکرا باریک کٹا ہوا۔(لہسن کے جوئے تین سے چار عددکٹا ہوا،پیاز ایک عدددرمیانی کٹی ہوئی،(گرم مسالہ ایک چائے کاچمچ پسا ہوا،ہلدی ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائےکا چمچ،زیرہ ایک چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،ٹماٹر چاراُبلے اور سلائس میں کٹے ہوئے،آمچور پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،مٹر آدھی پیالی اُبلی ہوئی،پانی آدھی پیالی،ہرا دھنیا ایک چوتھائی گٹھی کٹا ہوا۔

ترکیب: ایک کڑاہی میں گھی گرم کرکے ادرک، لہسن اور پیازڈال کراتنا پکائیں کہ وہ نرم ہو جائے اور کچا پن دور ہو جائے۔پھر اس میں بند گوبھی، آلو، گاجر، ہری مرچ، گرم مسالہ ،ہلدی، لال مرچ، زیرہ اور نمک شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔اب اس میں ٹماٹر، آمچور پاؤڈر، مٹر اور پانی شامل کرکے ڈھک کر آٹھ سے دس منٹ تک دَم پر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔پھر ہرا دھنیا ڈال کر آنچ تیز کرکے تھوڑا سا بھون لیں۔مزےدار بند گوبھی کی بھجیا تیار ہے۔

اچاری مرچ

اجزاء: مرچ دس عدد بڑی،املی کا گاڑھارس دو کھانے کے چمچے، ٹومیٹو کیچپ دو کھانے کے چمچے،اچارمسالہ دو کھانے کے چمچے، نمک آدھا چائے کا چمچ،لال مرچ ایک چائے کا چمچ کُٹی ہوئی،تیل حسب ضرورت،گڑ حسب ضرورت۔

ترکیب: مرچوں کو چاک کریں۔ ایک پیالی میں گاڑھا املی کا رس، ٹومیٹو کیچپ، اچارکامسالہ، نمک، کُٹی لال مرچ اور گڑ کو مکس کرکے مرچوں میں بھر دیں۔پھر تیل گرم کرکے اس میں مرچوں کو فرائی کریں اور بوتل میں بھر لیں۔آخر میں باقی بچا تیل مرچوں پر ڈال دیں ۔چٹخارے دار مرچیںتیار ہیں۔ ہر کھانے کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔

تازہ ترین